تحریک انصاف کے ایم پی اے اور پیپلز پارٹی کے ایم این اے نے لاک ڈاؤن اور ایس او پیز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شادی کی تقریب میں شرکت کر ڈالی
مظفرگڑھ میں کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کی تقریب منعقد ہوئی،تقریب میں پیپلزپارٹی کے ممبرقومی اسمبلی رضا ربانی کھر اور تحریک انصاف کے ممبرصوبائی اسمبلی علمدار عباس قریشی سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی.
مظفرگڑھ کے علاقے کرمداد قریشی میں سابق یونین ناظم کے بیٹے کی شادی کا بڑا اجتماع منعقد ہوا،اجتماع میں کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے بھائی پیپلزپارٹی کے ممبرقومی اسمبلی رضا ربانی کھر اور تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی میاں علمدار عباس قریشی نے بھی شرکت کی،تقریب میں سینکڑوں کی تعداد میں عام شہریوں بھی شریک ہوئے.ممبران اسمبلی کی تقریب میں شرکت کے باعث نہ تو حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تقریب کے منتظمین پر مقدمہ درج ہوا اور نہ ہی کسی قسم کی کوئی کاروائی ہوئی.تقریب کے بعد ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی تصاویر سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی اپ لوڈ کردی گئیں.دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا شعیب نے شادی کی تقریب اتوار کے روز منعقد ہونے کی تصدیق کی ہے.ان کا کہنا تھا کہ آئندہ اس طرح ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی.