چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی، تحریک ناکام ہونے کا خدشہ، شہباز شریف نے اپوزیشن سینیٹرز کو بلا لیا

0
64

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کے تمام اراکین سینیٹ کا اجلاس آج طلب کر لیا

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے حوالہ سے اپوزیشن جماعتوں نے سینیٹ میں تحریک جمع کروا رکھی ہے ، آج شہباز شریف نے تمام اراکین سینیٹ کو بلا لیا،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیرصدارت اپوزیشن سینیٹرزکا اہم اجلاس آج دن ساڑھے12 بجے ہوگا.

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں حزب اختلاف کے قائدین بھی شریک ہونگے ،اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر اہم مشاورت ہوگی.

مسلم لیگ ن نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی آج طلب کر رکھا ہے، دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا اجلاس بھی آج ہو گا

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے پی پی کے سینیٹرز پر اس بات کی پابندی لگا دی ہے کہ کوئی بھی بیرون ملک نہیں جائے گا، بلاول زرداری نے پی پی کے سینیٹرز کو ہدایت کی ہے کہ تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ ہونے تک پاکستان سے باہر نہ جایا جائے اور تمام سینیٹرز اسلام آباد سے باہر بھی آگاہ کرکے جائیں.

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتیں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروا چکی ہیں، اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ کے لئے حاصل بزنجو کو امیدوار نامزد کیا ہے، اب تحریک انصاف نے ڈپٹی چئرمین سینیٹ کو ہٹانے کے لئے تحریک جمع کروا لی ہے . اس سلسلہ میں حکومت کی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے .

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی سینیٹرز سے واضح طور پر کہا ہے کہ ہم نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کو ہر صورت ناکام بنانا ہے اور جس طرح بجٹ‌ منظوری کے حوالہ سے اپوزیشن جماعتوں‌ کو کامیاب نہیں‌ ہونے دیا گیا اسی طرح سینیٹ چیئرمین کے خلاف ان کی تحریک عدم اعتماد بھی کسی صورت کامیاب نہیں‌ ہونے دی جائے گی.

اپوزیشن نے صادق سنجرانی کو ہٹانے کی قرارداد اور سینیٹ کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرائی۔ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو نئے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لئے انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔ سینیٹ کا اجلاس 14 روز کے اندر بلایا جائے گا۔

Leave a reply