گوجرانوالہ: تحریک اہل سنت پاکستان کا عید میلاد النبی ﷺ کا شاندار جلوس

گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی ) تحریک اہل سنت پاکستان کا عید میلاد النبی ﷺ کا شاندار جلوس

تفصیل کے مطابق،تحریک اہل سنت پاکستان کے زیر اہتمام عید میلاد النبی ﷺ کا شاندار جلوس نکالا گیا، جس کی قیادت مرکزی نائب صدر صاحبزادہ پیر محمد ضیا اللہ قادری نے کی۔

جلوس کا آغاز مدرسہ رحمت القرآن سے ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا جامعہ مسجد بلال میں اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر ضلعی صدر چوہدری جہانگیر مہر، سیکرٹری مالیات حافظ محمد جمیل نقشبندی، سیکرٹری نشر و اشاعت قاری محمد علی صدیقی، انجمن تاجران کھیالی کے عہدے داران اور دیگر علماء نے شرکت کی۔

جلوس کے راستوں پر لوگوں نے دودھ اور شربت کی سبیلیں لگائیں، جبکہ ایک عاشق رسول ﷺ نے جلوس کے شرکا پر نوٹوں کی بارش کی۔

علماء کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ 12 ربیع الاول کو رحمت کائنات اس دنیا میں جلوہ گر ہوئے، اور ہم اپنے آقا کی آمد کی خوشی مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حضور ﷺ کی سیرت طیبہ کو مختلف پہلوؤں سے بیان کر کے لوگوں کے دلوں میں محبت پیدا کرنی چاہیے تاکہ وہ سیرت پر عمل کر کے امن و امان کی زندگی بسر کر سکیں۔

اس موقع پر ملک کی سلامتی اور سید زادے سید صادق حسین شاہ اور دیگر بیماروں کے لیے صحت کی دعا بھی کی گئی۔

جلوس کے راستوں کو قمقموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا، اور فضا "تکبیر” اور "رسالت” کے نعروں سے گونجتی رہی۔ جلوس میں شرکاء کی تعداد ہزاروں میں تھی، جو کہ اس جشن کی عظمت اور محبت کا عکاس ہے۔

Leave a reply