بہاولپور (باغی ٹی وی ، نامہ نگار حبیب خان) تحصیل حاصل پور کے نواحی علاقے محمد پناہ موڑ، چشتیاں روڈ پر ایک دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا جس نے کئی خاندانوں کو غم میں مبتلا کر دیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بہاولپور سے بہاول نگر جانے والی طاہر کوچز کی اے سی بس جب محمد پناہ موڑ کے قریب پہنچی تو ایک خطرناک موڑ پر سامنے سے آنے والی کلٹس کار سے زوردار ٹکر ہو گئی۔
تصادم اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار آٹھ افراد میں سے تین افراد ، دو خواتین اور ایک مرد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دیگر پانچ افراد جن میں دو کم عمر بچے بھی شامل ہیں، شدید زخمی ہوئے۔ حادثے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حاصل پور منتقل کیا۔
مقامی پولیس بھی حادثے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ عینی شاہدین اور پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ تیز رفتاری اور خطرناک موڑ پر ڈرائیورز کا گاڑیوں پر قابو نہ رکھ پانا قرار دیا جا رہا ہے۔
جائے حادثہ پر موجود شہریوں نے واقعے کو نہایت اندوہناک اور افسوسناک قرار دیا اور انتظامیہ سے چشتیاں روڈ پر حفاظتی اقدامات، سائن بورڈز اور رفتار کی حد متعین کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ مستقبل میں ایسے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے۔
حادثے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر آنکھ اشکبار نظر آتی ہے۔