اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے خیر پور ڈاہا میں منشیات کے عادی اور چھرا بردار عناصر نے کھلی دہشت پھیلا رکھی ہے، جس کے باعث شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ تھانہ دھوڑکوٹ سے چند فرلانگ کے فاصلے پر یہ نشئی عناصر دن دہاڑے ہاتھوں میں چھریاں لے کر گلی محلوں میں دندناتے پھر رہے ہیں، شہریوں کو سرِعام دھمکیاں دینا، گالم گلوچ اور معمولی بات پر حملہ آور ہونا روز کا معمول بن چکا ہے، جبکہ پولیس کی موجودگی کہیں دکھائی نہیں دیتی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق منشیات کے عادی افراد کھلے عام نشہ آور اشیاء استعمال اور فروخت کر رہے ہیں، جس سے نئی نسل تیزی سے تباہی کی طرف جا رہی ہے۔ جو شہری ان کے خلاف آواز اٹھاتا ہے اسے تشدد، چھرا گھونپنے اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ خوف کا یہ عالم ہے کہ والدین بچوں کو گھروں سے باہر بھیجنے سے گریزاں ہیں، جبکہ خواتین اور بزرگ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

انتہائی تشویشناک امر یہ ہے کہ یہ تمام جرائم تھانہ دھوڑکوٹ کی حدود میں ہو رہے ہیں، مگر پولیس کی جانب سے نہ کوئی مؤثر چھاپہ مار کارروائی سامنے آئی ہے اور نہ ہی کسی بڑے ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ عوامی حلقوں میں یہ سوال زور پکڑتا جا رہا ہے کہ آیا تھانہ دھوڑکوٹ مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے یا کسی دباؤ اور مبینہ ملی بھگت کے تحت دانستہ چشم پوشی اختیار کی جا رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار پولیس کو درخواستیں اور شکایات دی گئیں، تاہم ہر بار ٹال مٹول اور بے بسی کے سوا کچھ حاصل نہ ہوا۔ اہلِ علاقہ نے الزام عائد کیا ہے کہ نشئی اور جرائم پیشہ عناصر کو اندرونی سرپرستی حاصل ہے، جس کے باعث وہ قانون کو کھلے عام چیلنج کر رہے ہیں۔

سماجی اور شہری حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اور فیصلہ کن کارروائی نہ کی گئی تو خیر پور ڈاہا مکمل طور پر نشہ، جرائم اور غنڈہ گردی کا مرکز بن جائے گا۔ شہریوں نے ڈی پی او بہاولپور، آر پی او بہاولپور ریجن اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ دھوڑکوٹ کے ایس ایچ او کی کارکردگی کا فوری جائزہ لیا جائے اور منشیات کے عادی، چھرا بردار اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Shares: