وفاقی حکومت نے بین الاقوامی سوشل میڈیا کمپنیوں سے شدید مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے وہ اکاؤنٹس بند کریں جو اپنے پلیٹ فارمز پر پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سوشل میڈیا کمپنیوں سے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ فرضی اکاؤنٹس کو فوری بند کیا جائے اور ان چلانے والوں کا ڈیٹا وفاقی حکومت کے ساتھ شیئر کیا جائے تاکہ دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائی کی جا سکے۔طلال چوہدری نے بتایا کہ کالعدم تنظیمیں اور وہ افراد جنہیں امریکہ، برطانیہ اور اقوام متحدہ نے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، ایکس، فیس بک، واٹس ایپ اور دیگر پلیٹ فارمز پر متحرک ہیں اور اپنے پروپیگنڈے کے ذریعے ملک و قوم کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2014 میں نافذ کیے گئے نیشنل ایکشن پلان (نیپ) کے تحت دہشت گردوں کے خلاف قومی یکجہتی کے ساتھ کارروائی ہو رہی ہے، جس میں میڈیا اور سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا روکنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔وزیر مملکت برائے داخلہ نے سوشل میڈیا کمپنیوں سے درخواست کی کہ وہ مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کرتے ہوئے جعلی اکاؤنٹس کی نشاندہی کریں اور خودکار بلاکنگ کے الگورتھمز تیار کریں تاکہ دہشت گرد عناصر پر فوری کارروائی ممکن ہو۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 481 ایسے اکاؤنٹس کی نشاندہی کی ہے جو کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے منسلک ہیں اور ان کی تفصیلات متعلقہ کمپنیوں کو فراہم کی جا چکی ہیں۔انہوں نے بین الاقوامی سوشل میڈیا اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کریں تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بہتر رابطہ ممکن ہو اور دہشت گردی کے خلاف تعاون میں اضافہ ہو۔وزیر مملکت برائے قانون و انصاف نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان، داعش خراسان، بلوچستان لبریشن آرمی اور دیگر دہشت گرد گروہ سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں، جو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی خطرے کی علامت بن چکے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت ڈیجیٹل دنیا میں بھی دہشت گردی کے نئے رجحانات کو روکنے کے لیے پرعزم ہے اور سوشل میڈیا کمپنیوں سے سخت اقدامات کا تقاضا کرتی ہے تاکہ ملک و قوم کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
گھوٹکی: ٹک ٹاکرسمیرا راجپوت کی پر اسرار موت، زہر دیے جانے کا الزام، دو افراد گرفتار