دہشت گردوں کا سر کچلنے کیلئے پوری طاقت سے کارروائی کا فیصلہ

دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے بلوچستان حکومت سے ہرممکن تعاون کریں گے, وزیر داخلہ محسن نقوی
balochistan

کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس ہوا،جس میں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی-

باغی ٹی وی: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ،اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ شہاب الدین، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اعلامیے کےمطابق اجلاس میں شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی گئی، اجلاس میں گزشتہ روز کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس میں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والےخودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی، اجلاس میں دہشت گردوں کا سر کچلنے کے لیے پوری طاقت سے فیصلہ کن اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا، دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بڑھائے جائیں گے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے بلوچستان حکومت سے ہرممکن تعاون کریں گے، بلوچستان حکومت کو ترجیحی بنیاد پر ضروری وسائل کی فراہمی کا اعلان کرتا ہوں، بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر فورسز کی تربیت اور استعداد بڑھانے میں تعاون کریں گے، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، شہداء کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا وفاقی حکومت کے تعاون سے پولیس اور لیویز کی پیشہ وارانہ استعداد بڑھانے کے اقدامات کریں گے، دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کریں گے، پرعزم ہیں کہ بلوچستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے شکر گزار ہیں کہ وقتاً فوقتاً بلوچستان کا دورہ کرکے بحالی امن کیلئے متحرک کردار ادا کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خود کش دھماکے میں 27 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئےتھے، خودکش بمبار نے سامان میں 7 سے 8 کلو گرام بارودی مواد چھپا رکھا تھا جو اس نے جعفر ایکسپریس کے ٹریک پر پہنچنے سے پہلے اڑا دیا تھا۔

Comments are closed.