باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تھانہ اسلام پورہ کی حدود میں دن دہاڑے پرس چھیننے کی وارداتیں عام ہو گئیں

مین اسلام پورہ بازار میں موٹر سائیکل سوار خاتون سے پرس چھین کر فرار ہو گئے، پرس میں نقدی اور موبائل فون موجود تھا،15 پر کال کرنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور ابتدائی کاروائی کی ،واقعہ کا مقدمہ تھا نہ اسلام پورہ میں درج کر لیا گیا

تھانہ اسلام پورہ کا پرنٹر خراب ہونے کی وجہ سے شہریوں کو ایف آئی آر کی کاپی کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، شہری کو ایف آئی آر کی کاپی دو گھنٹے بعد ایس ایچ او تھانہ اسلام پورہ کے کہنے پر ای میل کی گئی

مدعی کو تو ایف آئی آر کی کاپی دے دی گئی تا ہم انویسٹی گیشن ونگ کو کاپی نہیں دی گئی ، مدعی ایف آئی آر کی کاپی انویسٹی ویشن ونگ کے پاس لے کر پہنچا تو انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایف آئی آر کی کاپی نہیں آئی ایف آئی آر آئے گی تو پھر دیکھتے ہیں، مدعی کو بٹھا کر پیر کو بلانے کا کہہ دیا.

دوسری جانب سیف سٹی اتھارٹی نے سی سی ٹی وی سے پرس چھیننے والے ملزم کو ٹریس کر لیا ، ڈولفن ہیڈ کوارٹر والٹن کی جانب سے تھانہ اسلامپورہ کے اے ایس آئی ریاض اختر کو کال موصول ہوئی ہے جس میں پرس چھیننے والے موٹر سائیکل سوار کے موٹر سائیکل کا نمبر اور ایڈریس بتایا گیا ہے، تا ہم پولیس ابھی تک کاروائی نہیں کر رہی،

مدعی کا کہنا ہے کہ جب پولیس کے پاس سیف سٹی کی جانب سے ریکارڈ سی سی ٹی وی فوٹیج کی اطلاع دی گئی ہے تو پولیس کو فوری کاروائی کرنی چاہئے تھی لیکن پولیس ٹال مٹول سے کام کر رہی ہے.

Shares: