ٹھٹھہ(باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹربلاول سموں)ٹھٹھہ میں دو الگ الگ افسوسناک واقعات میں چار افراد، جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں، اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
گھارو کے علاقے میں ایک معمولی تکرار پر مالک کورائی نامی شخص نے اپنے بھائی انس کورائی پر چاقو سے پے در پے وار کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔ زخمی کو فوری طور پر گھارو رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق قاتل بھائی جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
دوسرا دلخراش واقعہ جھرک کے قریب پیش آیا، جہاں تالاب سے پانی بھرتے ہوئے ایک خاتون کا پاؤں پھسل گیا۔ اسے بچانے کے لیے دو مزید خواتین نے تالاب میں چھلانگ لگا دی، لیکن بدقسمتی سے تینوں ڈوب گئیں۔ ایک خاتون پٹھانی ببر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، جبکہ دوسری دو خواتین مہک اور غزالہ کو مقامی افراد نے تالاب سے باہر نکال کر کوٹری ہسپتال منتقل کیا، مگر وہ بھی جانبر نہ ہو سکیں۔ تینوں خواتین کی میتیں جب ان کے گاؤں پہنچیں تو علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار تھی








