ٹھٹھہ(باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) جشنِ آزادی ‘معرکہ حق’ کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ منور عباس سومرو اور ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی نے ایس ایس پی آفس میں واقع یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی بھی پیش کی۔

اس تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر شاکر فہیم، ایس ڈی پی او وحید بیگ لاڑک، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز فضل قریشی، ڈی ایس پی کمپلین سیل سید علی گوہر شاہ، ڈی آئی بی انچارج انسپیکٹر اے ڈی شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے کانفرنس ہال میں شہداء کے عزیز و اقارب سے ملاقات کی اور انہیں تحائف پیش کیے۔ اس موقع پر ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی نے کہا کہ یہ تقریب نہ صرف شہداء کو خراجِ عقیدت ہے بلکہ زندہ اہلکاروں کے لیے بھی حوصلہ، جذبہ اور فرض شناسی کا عملی پیغام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء ہمارے محسن ہیں اور قوم ان کی مقروض ہے۔ ان کی قربانیوں کی وجہ سے پولیس کا سر فخر سے بلند ہے اور ان کی لازوال قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے مادرِ وطن کے امن و امان کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیس، پاک فوج اور دیگر شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس کے بعد، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے دیگر تمام افسران کے ہمراہ پولیس لائن مسجد میں منعقدہ قرآن خوانی میں شرکت کی اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پاک فوج، پولیس اور دیگر تمام اداروں کے شہداء کے بلند درجات اور ملک و قوم کی سالمیت، استحکام اور حفاظت کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

علاوہ ازیں، ڈپٹی کمشنر منور عباس سومرو نے اسسٹنٹ کمشنر شاکر فہیم اور دیگر افسران کے ہمراہ مکلی قبرستان پر پاک فوج کے شہداء کی قبروں پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

Shares: