ٹھٹھہ،باغی ٹی وی (نامہ نگاربلاول سموں)ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کی قیادت میں پولیس ہیڈکوارٹر ٹھٹھہ میں پولیس افسران اور جوانوں کے لیے سندھ پولیس ہیلتھ کیئر پروگرام کی آگاہی کے حوالے سے ایک خصوصی پولیس دربار کا انعقاد کیا گیا۔

یہ دربار حکومت سندھ اور آئی جی پی سندھ غلام نبی میمن کی خصوصی ہدایات پر منعقد کیا گیا، جس کا مقصد سندھ پولیس ویلفیئر کے لیے اسٹیٹ لائف کے اشتراک سے جاری ہیلتھ کارڈ اسکیم کے بارے میں معلومات فراہم کرنا تھا۔

ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان نے شرکاء کو ہیلتھ کارڈ کے استعمال، اس کی ایپلیکیشن کے طریقہ کار، اور اس سے حاصل ہونے والے فوائد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے حاضر سروس پولیس افسران کو یقین دلایا کہ ان کی صحت اور بہبود محکمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس کے دوران شرکاء کو عملی مظاہروں کے ذریعے ایپلیکیشن کے استعمال کا طریقہ سمجھایا گیا تاکہ وہ اس سہولت کا مکمل فائدہ اٹھا سکیں۔

ایس ایس پی ٹھٹھہ نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ اسکیم سندھ حکومت اور آئی جی پی سندھ غلام نبی میمن کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جو پولیس افسران اور ان کے خاندانوں کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

اجلاس میں شریک پولیس اہلکاروں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اپنی بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور اس اسکیم کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا، جو ان کے اور ان کے خاندانوں کے لیے صحت کے میدان میں ایک نئی امید لائے گی۔

Shares: