ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹربلاول سموں)محکمہ صحت ٹھٹھہ کی جانب سے روبیلا اور خسرہ سے بچاؤ، بروقت ویکسینیشن اور عوامی شعور کی بیداری کے لیے وی کیئر ہاؤس مکلی میں ایک شاندار آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت کے افسران، اساتذہ، ہیلتھ ورکرز، سول سوسائٹی کے نمائندے اور ماہرین صحت بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر سید صفدر علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روبیلا اور خسرہ مہلک وائرل بیماریاں ہیں جو بچوں کی صحت اور زندگی کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہیں، لیکن بروقت ویکسینیشن سے ان کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ان بیماریوں پر قابو پانے کا واحد راستہ موثر ویکسینیشن مہم ہے اور محکمہ صحت ٹھٹھہ اس حوالے سے 17 سے 29 نومبر 2025 تک خصوصی مہم چلائے گا، جس میں 6 ماہ سے 5 سال تک کے تمام بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔

ڈاکٹر صفدر علی شاہ نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کی ویکسینیشن کو کبھی نہ چھوڑیں، کیونکہ غفلت سے بچوں کے لیے نمونیا، دماغی سوجن، معذوری اور موت جیسے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت حفاظتی ٹیکہ زندگی بچانے کے مترادف ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ شاکر فہیم نے کہا کہ ضلع میں روبیلا اور خسرہ کی روک تھام حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے اور ضلعی انتظامیہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی صحت کو سمجھداری سے سنبھالیں اور ویکسینیشن ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

فوکل پرسن ڈاکٹر بخت علی، سول سرجن ڈاکٹر یامین شاہ اور ڈاکٹر راجیش کمار نے شرکاء کو بتایا کہ یہ وائرسی بیماریاں تیزی سے پھیلتی ہیں، لہٰذا ہر بچے کی پہلی اور دوسری خوراک لازمی ہے۔ دیگر مقررین نے بھی بیماریوں کی علامات، بچاؤ اور ویکسینیشن کی اہمیت کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

یہ سیمینار ضلع میں روبیلا اور خسرہ کے خلاف شعور اجاگر کرنے اور ویکسینیشن مہم کی کامیابی کے لیے اہم قدم ثابت ہوا۔

Shares: