ٹھٹھہ: سول ہسپتال میں نومولود کی لاش برآمد، کنواری ماں فرار، کیا انتظامیہ ذمہ دار نہیں ہے؟

ٹھٹھہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگار بلاول سموں)سول ہسپتال میں نومولود کی لاش برآمد، کنواری ماں فرار، کیا انتظامیہ ذمہ دار نہیں ہے؟

تفصیل کے مطابق سول ہسپتال مکلی میں ایک نومولود بچے کی لاش برآمد ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ لاش ہسپتال کے گائنی شعبے کے باہر سے ملی ہے، جہاں مبینہ طور پر کسی کنواری ماں نے ناجائز بچے کو جنم دینے کے بعد اسے چھوڑ کر فرار ہو گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عمل میں گائنی وارڈ کے کچھ عملے کی مبینہ مدد بھی شامل ہے، تاہم سول ہسپتال کی انتظامیہ بچے کی ماں اور پیدائش میں شامل اسٹاف کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے سے گریزاں ہے۔ ہسپتال میں اس نوعیت کے واقعات کوئی پہلی بار نہیں ہوئے۔ ماضی میں بھی ہسپتال سے نومولود بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، لیکن ابھی تک کسی قسم کی انکوائری نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی ذمہ دار کو سزا دی گئی۔

سول ہسپتال مکلی میں بچوں کی لاشیں ملنے کے پے درپے واقعات نے ہسپتال انتظامیہ کے کردار اور ہسپتال میں حفاظتی اقدامات پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
کیا ہسپتال انتظامیہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے کوئی اقدامات کر رہی ہے؟
کیاہسپتال میں بچے کی پیدائش کے دوران کسی بھی قسم کی نگرانی نہیں کی جاتی؟
کیا ہسپتال کا عملہ اس طرح کے واقعات میں ملوث ہے؟

مقامی لوگوں میں اس واقعے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ لوگ مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائے اور ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دی جائے۔

Comments are closed.