ٹھٹھہ: پاک فوج شروع سے ہی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہے – بریگیڈیئر طارق

ٹھٹھہ: (بلاول سموں): بریگیڈیئر طارق نے کہا ہے کہ پاک فوج شروع سے ہی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہے اور نیوی، کوسٹ گارڈز کے جوانوں اور سول انتظامیہ کے تعاون سے کیٹی بندر شہر اور دیگر کریکس سے دس ہزار سے زائد لوگوں کو ریسکیو آپریشنز کے ذریعے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیٹی بندر میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے میڈیکل کیمپ بھی لگائے ہیں تاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔


اس موقع پر ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو نے بتایا کہ ساحلی علاقوں اور کریکس سے لوگوں کو منتقل کرکے انہیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کیے گئے 10 مختلف ریلیف کیمپوں میں قیام کیا گیا ہے جبکہ بہت سے خاندان اپنے رشتہ داروں اور عزیزوں کے پاس جا چکے ہیں جنہیں ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سمندری طوفان بائبر جوائے مکمل طور پر کیٹی بندر سے ٹل نہیں جاتا تب تک لوگ ریلیف کیمپوں میں ہی رہیں گے اور انہیں خوراک سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بعد ازیں بریگیڈیئر طارق اور ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو نے ٹی سی ایف اسکول بابو قناد میں قائم میڈیکل اور ریلیف کیمپوں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ بھی لیا

Comments are closed.