ٹھٹھہ (بلاول سموں) ٹھٹھہ پولیس کی شاندار کارروائی کے نتیجے میں خطرناک کیش سنیچنگ گینگ کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران تین ایکٹو کرمنلز کو دھر لیا، جن کے قبضے سے چھینی گئی رقم میں سے 5 لاکھ روپے، دو پسٹل اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق 5 اکتوبر 2025 کی رات تھانہ ٹھٹھہ کی حدود خونی تلاء کے قریب چار نامعلوم ملزمان نے اسلحے کے زور پر نورانی میڈیکوز کے مالک غضنفر علی میمن سے 18 لاکھ روپے چھین کر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ نمبر 340/2025، دفعات 392 اور 397 تعزیراتِ پاکستان کے تحت متاثرہ کے بھائی منصور احمد میمن کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ایس ایس پی ٹھٹھہ فاروق احمد بجارانی کی خصوصی ہدایت پر سینئر افسران پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی ٹیم تشکیل دی گئی جس میں ایس ڈی پی او وحید بیگ لاڑک، ایس ایچ او ماجد علی کورائی، انچارج سی آئی اے عبدالجبار لغاری، انسپکٹر فیصل شفیع میمن، سب انسپکٹر راجا ظفر راجپوت، اے ایس آئی شاہ رخ کنبھاٹی اور دیگر افسران شامل تھے۔

ٹیم نے جدید ٹیکنیکل سسٹم اور خفیہ اطلاعات کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ٹھٹھہ شہر کے مختلف مقامات سے تین ملزمان محمد حسن عرف بابو، عمران لونگ سموں اور غلام مصطفیٰ دایو کو گرفتار کرلیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے متعدد ڈکیتی، راہزنی اور سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔

پولیس کے مطابق دو فرار ملزمان اشرف اور اکرم ہاشم پارہیڑی کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ فاروق احمد بجارانی نے کیس ٹریس کرنے اور کامیاب کارروائی پر ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

Shares: