ٹھٹھہ،باغی ٹی وی(بلاول سموں)ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقادعوام کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری
ڈپٹی کمشنر اسد علی خان کی جانب سے تعلقہ ٹھٹھہ کی دیہہ کوہستان 7/1, 7/2, 7/3, 7/4 تپہ جھمپیر اور تپہ جنگشاہی کے کھاتیداروں کی زمینوں کے ری کنسٹرکشن اور ری رائٹ و ديگر درپیش مسائل کے حل کیلئے ڈی سی آفس کے احاطے میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسد علی خان نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا بنیادی مقصد لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرکے فوری حل فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن کھاتیداروں نے اپنی زمینوں کے کاغذات نہیں بنوائے وہ جلد اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں کلیم داخل کریں تاکہ ریکنسٹرکشن رکارڈ آف رائٹس کا کام شروع کیا جا سکے۔ عوام کی جانب سے کی گئی شکایات پر ڈپٹی کمشنر نے مختیارکار ٹھٹھہ خالد نظامانی کو ہدایت کی کہ وہ شکایت کنندہ کی زمینوں کی چانچ پڑتال کرکے جائز مسائل فوری حل کریں تاکہ عوام کو رلیف مل سکے۔
کھلی کچہری میں شرکاء نے ونڈ ملز کی جانب سے مقامی لوگوں کو روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں نظر انداز کرنے کے متعلق شکایات کی پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس ضمن میں ونڈ ملز انتظامیہ کو طلب کرکے انہیں پابند کیا جائے گا تاکہ مقامی لوگوں کو لیبر قانون کے مطابق روزگار اور متعلقہ علاقوں میں فلاح و بہبود کے کام کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
شرکاء کی جانب سے پینے کے پانی، نکاسی آب، بجلی، صحت، تعلیم، سڑکوں و دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے متعلق مختلف شکایات اور درپیش مسائل بھی پیش کئے گئے جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ہی مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔