ٹھٹھہ،باغی ٹی وی(بلاول سموں): ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد عمران آرائیں نے ٹریننگ کوآرڈینیٹر نعمان احمد عیسانی و دیگر افسران کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول مکلی میں قائم ٹریننگ سینٹر کا دورہ کرکے عام انتخابات 2024ء کیلئے تعینات پرزائڈنگ اور سینیئر اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفسران کی جاری ٹریننگ کا تفصیلی جائزہ لیا.
اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد عمران آرائیں نے کہا کہ پولنگ عمل کے دوران پولنگ اسٹیشنز کے انتظامات اور نگرانی سمیت انتخابات کی تکمیل تک پریزائڈنگ افسران کا اہم رول ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کیلئے پولنگ اسٹاف کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے جس کیلئے انہیں ٹریننگ دی جا رہی ہے تاکہ وہ پولنگ کے دوران اپنے فرائض بہتر طریقے سے انجام دے سکیں.
انہوں نے ٹریننگ حاصل کرنے والے پولنگ اسٹاف پر زور دیا کہ وہ اپنی ٹریننگ سے بھرپور استفادہ حاصل کریں تاکہ دوران الیکشن کسی بھی قسم کی شکایات کا موقع نہ ملے۔
انہوں نے انہیں ہدایت کی کہ وہ انتخابات کے روز اس قومی فریضہ میں ایمانداری اور فرض شناسی سے اپنے فرائض ادا کریں تاکہ انتخابات کے عمل کو بہتر، صاف و شفاف، آزادانہ و منصفانہ طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے آئندہ عام انتخابات کے عمل کے متعلق پریزائڈنگ اور سینیئر اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفسران کو تفصیلی آگاہی بھی دی۔ اس موقع پر مانیٹرنگ افسران نیاز احمد میمن، شفیق آرائیں اور ضلعی اطلاعات افسر محفوظ علی سومرو بھی موجود تھے۔








