ٹھٹھہ،باغی ٹی وی (ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) جعلی نمبر پلیٹ لگا کر منشیات سپلائی کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار
ٹھٹھہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلی نمبر پلیٹ لگا کر گٹکا مٹیریل اور منشیات سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی میں 740 کلو گٹکا مٹیریل، 500 پیکٹ گٹکا ماوا، 1900 گرام چرس اور ایک ریوو گاڑی برآمد کر لی گئی، جبکہ ملزم محمد انس ولد نادر ملک کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کی ہدایات پر ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کی قیادت میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
انچارج سی آئی اے پولیس ٹھٹھہ انسپیکٹر ممتاز علی بروہی نے دوران گشت خفیہ اطلاع پر ٹھٹھہ سجاول روڈ پر ایک مشکوک ریوو گاڑی (جس پر جعلی پولیس نمبر پلیٹ SPD-350 لگی ہوئی تھی) کو روکنے کی کوشش کی۔ تاہم، ڈرائیور نے گاڑی بھگانے کی کوشش کی، جس کے باعث شوگر مل کے قریب حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر گاڑی تحویل میں لے لی اور ملزم محمد انس ولد نادر ملک کو گرفتار کر لیا۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ گاڑی کا اصل نمبر CZ-3167 ہے، جو کہ محمد حنیف ولد گل محمد شاہ، رہائشی کراچی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ یہ گاڑی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر منشیات سپلائی کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔
مزید تفتیش میں یہ بھی معلوم ہوا کہ یہ ملزم اور یہی گاڑی پہلے بھی تھانہ گلستان جوہر کراچی کے مقدمہ نمبر 535/2024 (دفعہ 170,171 تعزیرات پاکستان) میں ملوث رہے ہیں۔
ٹھٹھہ پولیس نے مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ دیگر ممکنہ ملزمان اور گروہ کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔
ٹھٹھہ پولیس کا منشیات، گٹکا، مین پڑی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ نے واضح کیا ہے کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔