ٹھٹھہ : تیمر کے جنگلات اپنی قدرتی ساخت کی بدولت ساحلوں کو دفاع فراہم کرتے ہیں- محمد تیمور تالپور

ٹھٹھہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار راجہ قریشی)صوبائی وزیر جنگلات نوابزادہ محمد تیمور تالپر نے کہا ہے کہ انڈس ڈیلٹا کی بحالی اشد ضروری ہے جبکہ تیمر کے جنگلات اپنی قدرتی ساخت کی بدولت ساحلوں کو قدرتی دفاع فراہم کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کیٹی بندر میں موسم بہار مینگرووز شجرکاری مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نامئندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ انڈس ڈیلٹا میں مینگرووز کے ماحولیاتی نظام کی حفاظت، بحالی اور توسیع کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری کوسٹل بیلٹ تقریبن 6 لاکھ 70 ہزار ہیکٹرز پر مشتمل ہے جبکہ اب تک دو لاکھ 50 ہزار ہیکٹرز پر مینگرووز کی شجرکاری کر چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین لاکھ ہیکٹرز پر مینگرووز کے پودے لگانے کے اس پانچ سالہ منصوبے کے تحت تقریبن 2 ارب چالیس کروڑ پودے لگا چکے ہیں جوکہ پورے ملک میں سب سے زیادہ پودے لگانے کا رکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈس ڈیلٹا کی بحالی سے آبی حیات کی ترویج ہوگی، تیمر کے جنگلات زیر سمندر زلزلوں سے آنے والے سیلابوں کو بھی روکنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مینگرووز میں کمی نہ صرف ساحلی جانداروں پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے بلکہ مقیم انسانوں کے ذریعہ معاش میں بھی کمی کا باعث بنتی ہے، اس لئے ضروری ہے کہ جنگلات میں واقع ہونے والی کمی کو روکا جائے اور ان کی افزائش پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مینگرووز موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے ساحلی خطرات پر منفی اثرات کو روکنے میں بھی موثر کردار ادا کرتے ہیں، مینگرووز کی افادیت کا ادراک کرتے ہوئے ساحلی علاقوں کی حفاظت میں اہم شراکت دار کی حیثیت سے حکومت سندھ نے ساحل کے ساتھ ساتھ مینگرووز کے جنگلات کو بچانے کے لئے نمایاں اقدامات کیے ہیں۔ مینگرووز شجر کاری کی یہ مہم مینگرووز کی حفاظت کی اہمیت کے سلسلے میں آگہی کے فروغ اور مینگرووز کے جنگلات کے کٹاؤ کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس نادر موقع پر مینگرووز کے جنگلات اور ماحول کے تحفظ میں محکمہ جنگلات کے کردار اور عزم کا اعادہ کرتے ہيں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں، صنعتی برادری اور ہر پاکستانی کے لئے یہ پیغام ہے کہ آبی ماحولیات اور ساحلی مکینوں کے فائدے کیلئے اس مہم میں شریک ہوں، آیئے، اس مہم کی کامیابی اور آنے والی نسلوں کیلئے ماحول کو محفوظ بنانے کیلئے مل کر کوششیں کریں۔ بعد ازیں صوبائی وزیر نوابزادہ محمد تیمور تالپر نے کیٹی بندر کے ارد گرد اور حجامڑو کریک میں مینگرووز کے پودے لگاکر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا جبکہ محکمہ جنگلات کی جانب سے لگائے گئے مینگرووز کے پودوں کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری جنگلات جمیل بدر میندھرو، چیف کنزرویٹر سندھ ریاض وگن، کنزویٹر فاریسٹ عارف کھوکھر و دیگر افسران اور علاقہ معززین بھی موجود تھے۔

Leave a reply