ٹھٹھہ:گھارو پولیس اور انتظامیہ ناکام، شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں،شہری کی پریس کلب میں دُہائی
ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، نامہ نگاربلاول سموں) گھارو شہر کے خانیہ محلہ کے رہائشی رجب خانیو نے عوامی پریس کلب ٹھٹھہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پولیس اور بااثر افراد کے خلاف انصاف کی دہائی دی ہے۔
رجب خانیو کا کہنا ہے کہ وہ ایک غریب اور مہذب شہری ہیں لیکن ان کے علاقے کے کچھ اوباش اور لوفر لڑکے، جن کے نام فضل، صابر، گل حسن، میر حسن، اور اکو ہیں، ان کے بچوں خصوصاً بیٹیوں کو مسلسل ہراساں کرتے ہیں۔
رجب خانیو نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے ان لڑکوں کو منع کرنے کی کوشش کی تو وہ لڑنے اور جھگڑنے پر آمادہ ہو گئے۔ 27 ستمبر کو ان ملزمان نے رجب خانیو اور ان کے اہل خانہ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے۔
انہوں نے گھارو تھانے میں شکایت درج کرانے کی کوشش کی، لیکن ایس ایچ او اور منشی نے ان کا مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا۔ انہیں میڈیکل لیٹر تک فراہم نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
رجب خانیو نے یہ بھی الزام لگایا کہ پولیس نے ملزمان سے رشوت لے کر ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔ رجب کا کہنا تھا کہ مذکورہ ملزمان بااثر اور امیر ہیں، جبکہ وہ خود ایک غریب شخص ہیں۔
انہوں نے ایس ایس پی ٹھٹھہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گھارو پولیس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور ملزمان کو گرفتار کر کے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔