ٹھٹھہ(باغی ٹی وی نامہ نگاربلاول سموں کی رپورٹ) گورنمنٹ گرلز کالج ٹھٹھہ کی فرسٹ ائیر کی طالبہ نجمہ ملاح، جو کہ مکلی حیدری چوک کی رہائشی غریب مزدور کی بیٹی ہے، پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی۔ نجمہ ملاح کی گمشدگی پر گھر میں کہرام مچا ہوا ہے، اور اس کے والدین پر غشی کے دورے پڑ رہے ہیں۔
نجمہ ملاح کے والد یوسف ملاح اور چچا رستم ملاح نے میڈیا کو بتایا کہ نجمہ پیر کے روز کالج گئی تھی لیکن گھر واپس نہیں آئی۔ کالج کے اوقات مکمل ہونے کے بعد، جب ہم نے کالج کی پرنسپل سے رابطہ کیا، تو انہوں نے بتایا کہ نجمہ کالج میں پڑھائی کے بعد روزانہ کی طرح گھر کے لئے نکل گئی تھی، اور اس کے بعد ہمیں اس کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی۔
نجمہ ملاح کے ورثاء نے الزام لگایا ہے کہ ان کی بیٹی کو کالج سے اغوا کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مکلی نرسری کے رہائشی کچھ مشتبہ افراد، بشمول حمزہ لاشاری، اشفاق درس، اللہ بخش لاشاری، سومار لاشاری، گل محمد، نظیر، یعقوب اور دیگر افراد نے پری پلاننگ کے تحت نجمہ کو اغوا کیا ہے، کیونکہ ان افراد نے کچھ عرصہ قبل نجمہ کو اغوا کرنے کی دھمکی دی تھی۔
نجمہ کے والد یوسف ملاح نے کہا کہ وہ ایک غریب انسان ہیں اور ٹھیلا چلا کر اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں، اور ان کی بیٹی کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کالج انتظامیہ کو بھی تفتیش میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ، نجمہ کے ورثاء نے وزیر تعلیم سید سردار شاہ، ڈی سی ٹھٹھہ، اور ایس ایس پی ٹھٹھہ سے درخواست کی ہے کہ نجمہ کو جلد بازیاب کرایا جائے۔