ٹھٹھہ (باغی ٹی وی رپورٹ) سخی جمیل شاہ داتار کے عرس پر 52 جوڑوں کی اجتماعی شادی
تفصیل کے مطابق ٹھٹھہ کے قریب پیر گوٹھ میں سخی جمیل شاہ داتار گرناری کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر داتار سیوا سماج گولڈن گروپ اور داتار ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تعاون سے 52 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں مستحق دلہنوں کو جہیز بھی دیا گیا۔
تقریب میں دولہا دلہن کے ورثاء اور رشتہ داروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایک دلہن کے والد نے خوشی کے آنسوؤں کے ساتھ کہا، "ہم غریب لوگ ہیں، ایک کلو آٹا خریدنا بھی مشکل ہے، لیکن اس اجتماعی شادی کی بدولت میری بیٹی کی رخصتی ممکن ہوئی۔”
ایک دولہا نے بھی اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "میں داتار ویلفیئر فاؤنڈیشن اور گولڈن گروپ کا بے حد شکر گزار ہوں جنہوں نے ہماری شادی ممکن بنائی۔”
اجتماعی شادیوں کے منتظم محمد مناف میمن کا کہنا تھا کہ "اپنے مرشد کے چلے گاہ پر مستحقین کی شادیاں کروا کر ہمیں دلی سکون ملا۔” جبکہ سنیل سنگانیا نے کہا، "مہنگائی کے اس دور میں غریب والدین کے لیے بیٹیوں کی شادی ایک بڑا مسئلہ ہے، ہم آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رکھیں گے۔”
تقریب کے کامیاب انعقاد میں محمد مناف میمن، سنیل سنگانیا، انیل سنگانیا اور دیگر شخصیات نے انتظامیہ کمیٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ اجتماعی شادیوں کے اس خوبصورت اقدام سے نئے جوڑوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مستحق خاندانوں نے منتظمین کے جذبے کو سراہا۔