ٹھٹھہ : 15 روز سے گم نوجوان کی بیوی اوربچے فریادی بن کر عوامی پریس کلب پہنچ گئے
ٹھٹھہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار راجہ قریشی) 15 روز سے گم نوجوان کی بیوی اوربچے فریادی بن کر عوامی پریس کلب پہنچ گئے
تفصیل کے مطابق ٹھٹھہ پولیس کی جانب سے 15 دن پہلے غائب کیاگیا نوجوان عنایت خشک کی بیوی مسمات حنا عنایت خشک اپنے سسر نیاز حسین خشک فیاض خشک اور خشک برادری کے چھوٹے بچوں کے ساتھ عوامی پریس کلب ٹھٹھہ پہنچے، احتجاج کیا اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹھٹھہ پولیس کے ڈی ایس پی جمع خان پنہور انسپیکٹر فیصل شفیع میمن ایس ایچ او مکلی حاکم کھوسو کی نگرانی میں پولیس کی ٹیم پندرہ روز پہلے کارروائی میں مزدوری کر کے گھر لوٹ آنے والے نوجوان عنایت خشک کو بلا جواز گرفتار کر کے غائب کردیا ، اس واقعہ کو 15 روز گزر چکے ہیں لیکن ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اسے کس جرم میں گرفتار کیا گیااور کہاں اور کس تھانے میں رکھا ہوا ہے ، نوجوان کے ورثاء نے کہا کہ ہمیں ڈر ہے کہ کہیں پولیس اسے جعلی مقابلے میں مار نہ دے ،پولیس نے ہمارے نوجوانوں پرجھوٹے مقدمات درج کیۓ ہیں ، جو عدالت میں جھوٹ ثابت ہوئے،اب پولیس نے جس نوجوان کو گرفتار کرکے غائب کیا ہوا ہے اس پر کوئی بھی کیس نہیں تھا اور نہ کسی کیس میں پولیس کو مطلوب تھا ،پھر بھی اسے پکڑ کر غائب کردیا گیا ہے، انہوں نے مزید بتایا کے اس سے پہلے بھی ہمارے دو بندوں کو پولیس نے گم کیا جن کو کراچی میں ظاہر کیا گیا، احتجاج کرنے والی خشک برادری کی مسمات سمیرہ ،شعیب خشک ،مسما ت جامل، مسمات عذرہ ودیگر مرد و خواتین نے کہا ہمیں ڈر ہے کے ہمارے تیسرے نوجوان کو بھی کسی دوسرے شہر سے ظاہر کیا نہ جاۓ، انہوں نے ارباب اختیار،چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور آئی جی سندھ سے انصاف کی فراہمی کیلئے اپیل کی ہے اورساتھ ہی یہ بھی اعلان کیا کہ گرفتاری کے گم کئے گئے ہمارے نوجوان عنایت خشک کو فوری ظاہر کیا جاۓ دوسری صورت میں ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کردینگے.