ٹھٹھہ:مکلی میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گرفتار

ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگاربلاول سموں کی رپورٹ) ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کی سخت ہدایت پر ایس ایچ او مکلی لھنو خان بوزدار نے مکلی کے علاقے میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا آپریشن شروع کردیا ہے۔ اس کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے متعدد منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او مکلی نے سجاد ببر اور وجاہت اقبال کو بڑی مقدار میں منشیات جس میں چرس، ہیروئن، اور گٹکا شامل ہیں سمیت گرفتار کرکے ان کے خلاف مکلی تھانے میں مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کے علاوہ رسول بخش کمان، مشتاق احمد، مہیش کمار، عبدالعزیز کمبھار، محمد خان عرف گڈو جوکھیو، اور بابو جان جوکھیو کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

گرفتار افراد میں سے کچھ نے تحریری طور پر منشیات فروشی سے توبہ کرلی ہے۔ تاہم پولیس نے ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد نے اپنے جرم کو تسلیم کیا ہے اور ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس آپریشن کے دوران پولیس نے مکلی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے، پولیس نے علاقے میں موجود مختلف نالوں اور کھنڈرات کی بھی تلاشی لی جہاں منشیات فروش اپنا کاروبار چلاتے تھے۔

اس موقع پر ایس ایچ او مکلی لھنو خان بوزدار نے کہا کہ منشیات فروش انسانیت کے دشمن ہیں اور انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے علاقے میں رہنے والے افراد کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نے منشیات فروشی کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Leave a reply