ٹھٹہ،باغی ٹی وی(ڈسٹرکٹ رپورٹربلاول سموں کی رپورٹ) پولیس مقابلے میں بدنام منشیات فروش زخمی حالت میں گرفتار، آئس، چرس، ہیروئن اور اسلحہ برآمد
تفصیل کے مطابق ٹھٹھہ پولیس کی منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں بڑی کامیابی سامنے آئی ہے۔ تھانہ ٹھٹھہ کی حدود میں فقیر گوٹھ لنک روڈ پر پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت ساجد ولد غلام قادر مسن سکنہ بخاری محلہ ٹھٹھہ کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک مہران کار، ایک پسٹل، 400 گرام کرسٹل آئس سمیت منشیات برآمد کرلی گئی ہے جو وہ ضلع ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتا تھا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم آئس، چرس اور ہیروئن کی فروخت میں ملوث رہا ہے اور اس کا مکمل کریمینل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ٹھٹھہ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔