ٹھٹھہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگار بلاول سموں)سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ٹرانسپورٹ کی چیکنگ، حفاظتی ہدایات جاری

ٹھٹھہ میں آج مسز فخر النساء لاکھیر سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، نے پبلک ٹرانسپورٹ بسوں، وینز اور دیگر گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ اس مہم کا مقصد مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا، ٹرانسپورٹ سروسز کے معیار میں بہتری لانا اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانا تھا۔

چیکنگ کے دوران متعدد گاڑیوں میں قانونی ضروریات کے مطابق کوتاہیاں سامنے آئیں، جن میں سیٹ بیلٹ کی عدم موجودگی، غیر معیاری سی این جی اور ایل پی جی کٹس اور مقررہ گنجائش سے زائد مسافروں کو بٹھانے جیسے مسائل شامل تھے۔ مسز فخر النساء لاکھیر نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ وہ اپنی گاڑیوں کی باقاعدہ چیکنگ کرائیں، تمام حفاظتی ضوابط اپنائیں اور منظور شدہ سی این جی/ایل پی جی سلینڈرز کا استعمال کریں تاکہ مسافروں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

انہوں نے مسافروں کے لیے بھی ہدایات جاری کیں کہ اگر وہ غیر قانونی سرگرمیاں دیکھیں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔ لاپرواہی سے ڈرائیونگ، رفتار کی حد سے تجاوز اور دیگر قواعد کی خلاف ورزی پر سخت اقدامات کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

مسز لاکھیر نے ٹرانسپورٹرز کو خبردار کیا کہ اگر وہ ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جس میں لائسنس کی معطلی بھی شامل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام میں شعور بیدار کرنے کی مہم جاری رہے گی تاکہ ٹھٹھہ کے لوگ محفوظ اور پُراعتماد سفر کر سکیں۔

Shares: