ٹھٹھہ:ایم این اے سید ایاز شاہ شیرازی کے اعزاز میں عوامی پریس کلب کا شاندار استقبالیہ

ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار بلاول سموں) ایم این اے سید ایاز شاہ شیرازی کو آج عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کی جانب سے پرتپاک استقبالیہ دیا گیا۔ تقریب میں شیرازی خاندان کی عوامی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی۔

خطاب کے دوران سید ایاز شاہ شیرازی نے کہا کہ شیرازی خاندان کا بنیادی مقصد عوام کی بلا امتیاز خدمت ہے۔ انہوں نے کہا ٹھٹھہ اور سجاول کے عوام شیرازی خاندان سے محبت کرتے ہیں اور ہم دن رات ان کی خدمت میں مصروف ہیں۔”

ایم این اے نے عوامی مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 33 کلومیٹر طویل کیٹی بندر روڈ کی تعمیر کے لیے منصوبہ منظور کرایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ چلیا سے حیدرآباد روڈ کے لیے 35 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔

ایاز شاہ نے عوامی پریس کلب کے صحافیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پریس کلب کے صحافی ٹھٹھہ کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے صحافت کو ایک عظیم شعبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرتی مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

ایم این اے سید ایاز شاہ شیرازی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کو ٹھٹھہ کے مسائل کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔ انہوں نے 1860 میں تعمیر ہونے والے بارن پل کی خستہ حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے 700 میٹر طویل نئے پل کی تعمیر کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کا ٹینڈر منظور ہو چکا ہے اور اس پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔

ایم این اے سید ایاز شاہ شیرازی نے این سی ایچ ڈی کے معاملات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

اپنی تقریر کے اختتام پر انہوں نے کہا ہم بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات اور پارٹی کے مشن کے مطابق ٹھٹھہ اور سجاول کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔”

تقریب کے آخر میں عوامی پریس کلب کے عہدیداروں نے سید ایاز شاہ شیرازی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اجرک اور لونگیوں کے تحائف پیش کیے۔

Comments are closed.