ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)ٹھٹھہ میں "ایس ایچ او مبین پرہیار ہٹاؤ، ٹھٹھہ بچاؤ تحریک” کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں صحافیوں، سول سوسائٹی، اور مختلف علاقوں سے آئے متاثرین نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ایس ایچ او تھانہ دھابیجی مبین پرھیار کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ اسے فوری طور پر برطرف کیا جائے۔
مظاہرے میں ایوانِ صحافت مکلی کے سرپرست نظیر قریشی، صدر اکبر دلوانی اور ان کے رفقا، گھارو سے ممتاز لاشاری، بوہارا سے عزیز سومرو، ٹھٹھہ سے اسد سبزپوش، روزنامہ کوشش کے نمائندہ حسن عباس، سماجی رہنما صالح خانیو، مظہر جکھڑ اور ایس ایچ او کے مبینہ مظالم کا شکار محمد بلوچ، سید انور شاہ، اکبر کچھی سمیت متعدد افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ایس ایچ او کے خلاف نعرے درج تھے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایوانِ صحافت مکلی کے صدر اکبر دلوانی، روزنامہ کوشش کے رپورٹر حسن عباس، سینیئر صحافی شبیر مانجھند اور عوامی پریس کلب کے جنرل سیکریٹری محمد عمر سرائی نے عوامی پریس کلب کے صدر بلاول سموں سے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا۔ مقررین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او مبین پرھیار کو فوری طور پر معطل کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کے صدر بلاول سموں نے اپنے خطاب میں سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او مبین پرھیار منشیات کی ترسیل، زمینوں پر قبضے، اغوا برائے تاوان، غیرقانونی آئل ایجنسیوں اور چوری شدہ پیٹرول و ڈیزل کی اسمگلنگ جیسے جرائم میں ملوث ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ایس ایچ او نے تھانے کا کنٹرول ایک پرائیویٹ شخص حاجن ڈاهری کے سپرد کر رکھا ہے، جو تمام غیرقانونی کاموں کا فرنٹ مین ہے۔
بلاول سموں نے بتایا کہ عوامی پریس کلب کی جدوجہد کے نتیجے میں ایس ایس پی ٹھٹھہ نے متعدد چھاپے مارے اور ہماری طرف سے لگائے گئے الزامات درست ثابت ہوئے، جن میں غیر قانونی آئل ڈپو، گٹکا، ماوا، منشیات فروشی، اغوا برائے تاوان اور زمینوں پر قبضے شامل ہیں۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او مبین پرھیار کو "ڈسمس فرام سروس” کیا جائے۔ بصورت دیگر عوامی پریس کلب کی زیر قیادت احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔
احتجاج کے اختتام پر اعلان کیا گیا کہ تحریک کا دوسرا مرحلہ جمعرات کے روز ایس ایس پی آفس ٹھٹھہ کے سامنے دھرنے کی صورت میں شروع کیا جائے گا، جہاں مزید سخت اقدامات کا عندیہ دیا گیا ہے۔
Shares: