ٹھٹھہ (باغی ٹی وی،نامہ نگاربلاول سموں) آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو کی ہدایات پر ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات کے تحت ضلع میں امن و امان کی بحالی کے لیے سنیپ چیکنگ کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔
پولیس کی جانب سے مختلف داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر موٹرسائیکلوں، رکشوں، مسافر وینز، بسوں اور دیگر گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ اس دوران متعدد گاڑیوں سے ٹنٹڈ گلاسز اور فینسی نمبر پلیٹس بھی ہٹائی گئیں۔
تمام ایس ڈی پی اوز نے اپنے علاقوں کے ایس ایچ اوز کے ہمراہ مختلف مقامات پر سنیپ چیکنگ کی نگرانی کی۔ پولیس اہلکار شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات رہے تاکہ ہر مشکوک شخص اور بغیر نمبر پلیٹ کے موٹرسائیکلز کی جانچ کی جا سکے۔
چیکنگ کے دوران متعدد مشکوک افراد اور گاڑیاں تحویل میں لی گئیں اور ان کی تصدیقی عمل (ویری فکیشن) جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سنیپ چیکنگ کا بنیادی مقصد ضلع میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو پیش آنے سے قبل ہی روکا جا سکے۔