ٹھٹھہ ،باغی ٹی وی( ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں کی رپورٹ) پولیس نے گٹکا مٹیریل چھپاکر سپلائی کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی ٹھٹہ ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے PSO کمپنی کے آئل ٹینکر سے 600 کلو گٹکا مٹیریل اور 500 پیکٹ گٹکا ماوا برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کی ہدایات پر ٹھٹہ پولیس کا جرائم پیشہ عناصر، منشیات اور گٹکا مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایس ایس پی ٹھٹہ کے احکامات پر انچارج سی آئی اے ٹھٹہ انسپیکٹر ممتاز علی بروہی نے خفیہ اطلاع پر بائی پاس روڈ ٹھٹہ سے سجاول سولنگی سروس اسٹیشن کے قریب PSO کمپنی کے آئل ٹینکر نمبر TLM-835 پر چھاپہ مارا۔
پولیس نے آئل ٹینکر کو حراست میں لے کر ملزم عبد الکریم ولد غلام رسول بروہی کو گرفتار کیا، جو بلوچستان کے علاقے حب چوکی کا رہائشی ہے۔ ملزم کے قبضے سے 600 کلو گٹکا مٹیریل اور 500 پیکٹ گٹکا ماوا برآمد کیا گیا۔
ملزم کے خلاف تھانہ ٹھٹہ میں گٹکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔