ٹھٹھہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار راجہ قریشی)جنگشاہی میں سی پیک، کے فور سمیت مختلف کمپنیوں کے منصوبے چل رہے ہیں تاہم منصوبے میں کام کرنے والے ہزاروں ملازمین سمیت ضلع ٹھٹہ کے عوام کو سفری مشکلات کا سامنا ہے اس لئے جنگشاہی ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں کے اسٹاپ کو بحال کرکے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں ان خیالات کا اظہار جنگشاہی کے سماجی رہنماؤں نے پاکستان ریلوے کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران کیا۔ تفصیلات کے مطابق جی ایم پاکستان ریلوے علی محمد آفریدی، سی ای او پاکستان ریلوے سلمان صادق شیخ، ڈی ایس ریلوے کراچی کاشف رشید یوسفانی اور دیگر اعلیٰ حکام معائنہ کرنے کے سلسلے میں جنگشاہی ریلوے اسٹیشن پہنچے اس موقعہ پر جنگشاہی کے سماجی رہنماء عبد القادر شیخ، سینئر صحافی عبد الرؤف بروہی، حاجی غلام محمد بروہی، کامریڈ نور محمد جوکھیو، عاطف عثمان پلیجو، عبد الرحمن بروہی، صادق علی بروہی، مختیار علی بروہی اور دیگر نے ریلوے انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگشاہی ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں کا اسٹاپ نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت جنگشاہی کوہستان میں سی پیک کے فور سمیت مختلف کمپنیوں کے منصوبے چل رہے جس کی وجہ سے پروجیکٹ میں کام کرنے والے ہزاروں ملازمین جنگشاہی ریلوے اسٹیشن سے ملک کے مختلف علاقوں میں ٹرینوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں مگر بدقسمتی سے جنگشاہی ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں کے سٹاپ نہ ہونے کی وجہ سے ونڈ پلانٹ کمپینوں کے ملازمین سمیت ضلع ٹھٹہ کے ہزاروں رہائشیوں کو شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا ہے اس کے علاوہ کراچی اور حیدرآباد کے مختلف اداروں میں کام کرنے والے ملازمین مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلباء اور زیر علاج مریضوں کو بھی سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ملاقات کے دوران سماجی رہنماء عبد القادر شیخ نے سی ای او پاکستان ریلوے سلمان صادق شیخ کو مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل جنگشاہی ریلوے اسٹیشن پر سکھر ایکسپریس، خوشحال خان خٹک، چناب ایکسپریس، عوامی ایکسپریس، غوث بہاؤالدین زکریا، بولان میل اور سپر ایکسپریس کے اسٹاپ بحال تھے جنہیں مختلف اوقات میں بلاجواز ختم کردیا گیا جبکہ موجودہ وقت جنگشاہی ریلوے اسٹیشن پر صرف دو لوکل ٹرینیں مہران ایکسپریس اور شاہ لطیف ایکسپریس کا اسٹاپ ہے وفد نے ملاقات کے دوران ریلوے انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ٹرینوں کے تمام سٹاپ بحال کرکے ضلع ٹھٹہ کی عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں اس موقعہ پر سی ای او پاکستان ریلوے سلمان صادق شیخ نے وفد کو ٹرینوں کے سٹاپ بحال کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے آخر میں جنگشاہی کے سماجی رہنماؤں نے ریلوے انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کو سندھ کا ثقافتی تحفہ اجرک کے تحائف بھی پیش کیے۔

Shares: