ٹھٹھہ (بلاول سموں) سول ہسپتال مکلی میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کا سنگین واقعہ سامنے آگیا، جہاں سجاول کے علاقے دڑو کی رہائشی حاملہ خاتون حلیماں ماچھی نے ہسپتال کے گائنی وارڈ میں توجہ نہ ملنے پر ہسپتال کے باہر فٹ پاتھ پر بچے کو جنم دے دیا۔ ماں اور نوزائیدہ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ورثا کے مطابق حلیماں ماچھی کو فوری طبی امداد کی ضرورت تھی مگر گائنی وارڈ میں موجود ڈاکٹر نے مبینہ طور پر غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا اور مریضہ کے اہل خانہ کو یہ کہہ کر وارڈ سے باہر نکال دیا کہ سٹاف موجود نہیں، باہر جائیں۔ ورثا کے مطابق زچگی کی تکلیف بڑھنے پر خاتون کو مناسب دیکھ بھال نہ مل سکی، جس کے باعث اسے فٹ پاتھ پر ہی بچے کو جنم دینا پڑا۔
اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سول ہسپتال مکلی جو ٹھٹھہ اور سجاول اضلاع کا سب سے بڑا سرکاری ہسپتال ہے،غریب مریضوں کو مناسب سہولیات دینے میں ناکام ہے۔ واضع رہے کہ جب سے سرکاری ہسپتالوں کا نظام مرف انتظامیہ کے حوالے کیا گیا ہےہسپتالوں میں ادویات کی کمی، ڈاکٹرز کی عدم دستیابی اور بنیادی سہولیات کا فقدان بڑھتا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں اور ورثا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔








