ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بابا گورونانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں کمشنر لاہور مریم خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تقریبات کا آغاز 3 نومبر سے ہوگا جو 5 نومبر تک جاری رہیں گی۔ دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری اس مذہبی تقریب میں شرکت کے لیے ننکانہ صاحب پہنچیں گے، جن کی خدمت و سیکیورٹی کے لیے 5 ہزار سے زائد افسران و ملازمین ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گوردوارہ جنم استھان، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے تاکہ تمام امور کی نگرانی مؤثر طریقے سے کی جا سکے۔ کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ تقریبات کے دوران سوئی گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے اور کسی بھی قسم کی مذہبی منافرت یا اشتعال انگیزی کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
کمشنر مریم خان نے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتری ہمارے معزز مہمان ہیں، ان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ سکھ رہنماؤں اور دربار انتظامیہ نے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ننکانہ صاحب امن، بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کا گہوارہ ہے۔
کمشنر لاہور مریم خان نے جنم استھان گوردوارہ کا دورہ بھی کیا، حاضری دی اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں دربار منتظمین، سکھ رہنما، ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر، ڈی پی او فراز احمد سمیت متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔