کراچی:پاکستان رینجرز (سندھ) اورپولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز II سے بھتہ خوری، اقدام قتل، ڈکیتی، زیادتی اور منشیات فروشی میں ملوث ملزم معین کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق مورخہ 30ستمبر 2022کو ملزم کے خلاف رینجرزہیلپ لائن پر شکایت موصول ہوئی تھی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرز(سندھ)نے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے جدید تکنیکی ذرائع استعمال کرتے ہوئے ڈی ایچ اے فیزIIسے مطلو بہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے حال ہی میں ایک گھر میں ڈکیتی کی اور ڈکیتی کے بعد خاتون سے زیادتی کرنے کی کوشش کی۔خاتون کی مزاحمت پر ملزم نے فائرنگ بھی کی۔ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں پہلے ہی متعدد ایف آئی آر ز درج ہیں اور اینٹی ٹیرا رسٹ کورٹ میں بھتہ خوری کا مقدمہ بھی چل رہا ہے۔
گرفتار ملزم کومزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
ایک دوسری کوشش میں پاکستان رینجرز (سندھ)اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے کورنگی سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث 5 رکنی ڈکیت گروہ کے ملزمان محمد آفاق عرف عفی عرف چڈی، محمدیونس، محمد یعقوب عرف کالا،عبداللہ عرف گنجا اور کمال الدین عرف کمو کو گرفتار کر لیا۔ملزمان کے قبضے سے ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والااسلحہ،9چھینے گئے موٹر سائیکل اور17عددموبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی 500 سے زائد وارداتوں میں 12لاکھ روپے کیش،300سے زائدموبائل فونز اور30سے 35موٹرسائیکل چھیننے کا اعتراف کیاہے۔ ملزمان چھینے ہوئے موٹرسا ئیکلوں کو پارٹس کی صورت میں فروخت کرتے تھے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھا پے مارے جارہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کوبمعہ برآمد شدہ اسلحہ ومسروقہ سامان مزیدقانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ جرائم کے تدارک کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پرقریبی رینجر ز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔