برطانیہ سے آنے والے ملزم نے بیوی اور سگی چچی کو قتل کردیا

0
109

راولپنڈی:برطانیہ سے آنے والے شخص نے بیوی اور چچی کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان کے علاقے روجام میں ایک شخص نے دو خواتین کو قتل کردیا اور ملزم نے بھی وادات کے بعد خود کشی کرلی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ روجام میں پیش آیا، جہاں برطانیہ پلٹ ملزم خاور محمود نے اپنی بیوی اور چچی کو قتل کیا، اور دونوں خواتین کی جان لینے کے بعد ملزم نے خود کشی کرلی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں جب کہ ملزم اور مقتولین کے رشتہ داروں سے بھی تفیش کی جائے گی۔

اس سے پہلے گذشتہ سال اکتوبر میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنگم پر واقع ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) سے لاپتہ ہونے والی امریکی شہری وجیہہ سواتی کی لاش پولیس کو خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت سے ملی تھی جہاں انھیں ایک مکان کے کمرے میں دفن کر اُس کے اوپر فرش پکا کر دیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ان کے سابقہ شوہر رضوان حبیب نے بعدازاں اس قتل کا اقرار کیا تھا۔اپنے اعترافی بیان میں ملزم نے قبول کیا کہ انھوں نے اپنی سابقہ بیوی کو چھریوں کے وار کر کے قتل کیا تھا۔پولیس تفتیش کے مطابق اُن کی لاش کو ایک گاڑی کے ذریعے قالین میں لپیٹ راولپنڈی سے لکی مروت منتقل کیا گیا۔

پولیس نے ملزم کے انکشاف پر مقتولہ کی لاش لکی مروت کے علاقہ پیزو سے برآمد کی تھی۔ ایس ایچ او امیر خان نے بتایا تھا کہ ’وہ پہاڑ کے دامن میں پتھروں سے بنا ایک گھر تھا جو اس وقت خالی تھا۔ ملزم کی نشاندہی پر ہم ایک کمرے میں گئے جس کے فرش کے نیچے مقتولہ کو دفن کیا گیا تھا۔‘

Leave a reply