بلوچستان حکومت نے وفاق کو گیس بند کرنے کی دھمکی دیدی

کوئٹہ:بلوچستان حکومت نے وفاق کو گیس بند کرنے کی دھمکی دیدی،اس وقت پاکستان میں جہاں سیاسی صورت حال بڑی خراب نظرآرہی ہے وہاں ملک کی معاشی صورت حال بھی بہت پچیدہ ہے ، ایک طرف وفاقی حکومت سستا تیل اور گیس ملک میں لانے کیلئے کوششیں کررہی ہے دوسری طرف قدرتی گیس کے وسائل سے مالا مال بلوچستان ناراض ہورہا ہے، واجبات کی عدم ادائیگی پر بلوچستان نے وفاق کو گیس بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

صوبائی وزیر خزانہ زمرک خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ بلوچستان اس وقت مشکل میں ہے، وفاق فوری مدد کرے، خیرات نہیں بلکہ اپنا حق مانگ ہے ہیں، اگر 75 ارب روپے کے بقایا جات مل جائیں تو بحران ختم ہوسکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر بقایا جات نہ ملے تو بلوچستان سے گیس کی سپلائی کو بھی بند کرنے کا آپشن موجود ہے، 18 ویں ترمیم کے بعد صوبے کو اختیار حاصل ہے، صوبے سے گیس سپلائی جاری ہے، بقایا جات نہیں مل رہے۔

زمرک اچکزئی نے کہا کہ وفاق کو مشکلات سے متعلق دو ٹوک الفاظ میں بتادیا، وفاق ڈوبنے سے پہلے مدد کرے، پی پی ایل کے ذمہ بلوچستان کے 30 ارب روپے کے بقایاجات ہیں، 15 دن میں بقایا جات نہیں ملے تو بلوچستان حکومت فیصلہ کرے گی۔

صوبائی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ ہم وفاق کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں، اکائیاں کمزور ہوں گی تو وفاق کمزور ہوگا، اگر گودار، سینڈک اور ریکوڈک ہمیں دے دیں ہم پورا ملک چلا سکتے ہیں۔

Comments are closed.