تنگوانی ،باغی ٹی وی (نامہ نگار منصوربلوچ)کچے میں بدنام زمانہ، دہشت کی علامت’بھیو ڈکیت گینگ‘ کا سرغنہ ہلاک
تفصیل کے مطابق سندھ رینجرز اور پولیس کی جانب سے کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے میں ڈکیتوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف مشترکہ آپریشن کے دوران مقابلے کے بعد بدنام زمانہ بھیو گینگ کا سرغنہ امداد بھیو ہلاک ہو گیا۔
ترجمان رینجرز نے بتایا کہ حکومت سندھ نے ڈکیت گینگ کے سرغنہ امداد بھیو کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی، وہ تین ہندو تاجروں سمیت پانچ بینک ملازمین کے اغوا میں بھی ملوث تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دورانِ آپریشن رینجرز، پولیس اور بھیو ڈکیت گینگ کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ہلاک ڈکیت اغوا برائے تاوان، قتل، اقدامِ قتل، ڈکیتی، رہزنی اور دیگر جرائم میں ملوث تھا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق بھیو ڈکیت گینگ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس اور رینجرز کا آپریشن جاری ہے۔
اس حوالے سے سندھ پولیس کے ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزم نے پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں دو اہلکاروں کو بھی شہید کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سرغنہ کے مارے جانے کے بعد بھیو گینگ کا مکمل خاتمہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب تین ہندو بیوپاری غوث پور سے تین دن پہلے اغوا ہونے والے بازیاب ہو کر گھر پہنچ گئے ہیں جنہیں کشمور پولیس نے بازیاب کرناے کا دعویٰ کیا ہے.