لوساکا: زامبیا کے دارالحکومت لوساکا میں سڑک کنارے سے 27 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔زامبیا پولیس ترجمان ڈینی مولے کے مطابق ہلاک شدگان سے ملنے والی دستاویزات سے پتا چلتا ہے کہ وہ ایتھوپیا سے آنے والے تارکین وطن تھے جن کی موت راستے میں دم گھٹنے سے ہوئی جس کے بعد لاشوں کو سڑک کنارے پھینک دیا گیا۔

پولیس کے مطابق مرنے والوں تمام افراد کی عمریں 20 سے 38 سال کے درمیان ہیں، جائے وقوعہ پر ایک نوجوان زندہ حالت میں ہانپتے ہوئے ملا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ لاشوں کو زیمبیا یونیورسٹی ٹیچنگ ہسپتال کے مردہ خانے میں پہنچا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ افریقی ملک زیمبیا تارکین وطن کے لیے ایک ٹرانزٹ پوائنٹ ہے جہاں سے زیادہ تر تارکین جنوبی افریقہ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔اس سے قبل اکتوبر میں زامبیا کے ہمسایہ ملک ملاوی میں بھی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک اجتماعی قبر سے ایتھوپیا کے 25 تارکین وطن کی لاشیں ملی تھیں۔

ادھر اٹلی کے دارالحکومت روم میں مسلح شخص نے ذاتی تنازع پر فائرنگ کر کے تین خواتین کو ہلاک اور چار افراد کو زخمی کر دیا، فائرنگ کرنے والے کو گرفتار کر لیا گیا۔اطالوی میڈیا کے مطابق 57 سالہ مسلح شخص نے بار میں میٹنگ کرتے مقامی اپارٹمنٹ ایسوسی ایشن کے ارکان پر فائرنگ کی۔

رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 3 خواتین ہلاک اور 4 افراد زخمی ہوگئے،زخمیوں میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔اطالوی میڈیا کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد مسلح شخص کو حراست میں لے لیا گیا، مسلح شخص کا اپارٹمنٹ ایسوسی ایشن سے ذاتی تنازع چل رہا تھا۔

Shares: