لاہور:ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انگلینڈ کے فائنل کیلئے ڈپٹی برطانوی ہائی کمشنر بھی پُرجوش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ بابر اور رضوان کی جوڑی سے بہت ڈر لگتا ہے، پاکستان ٹیم ناممکن کو ممکن بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتےہوئے کراچی میں برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر سیرا مونی بھی ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل سے متعلق پرجوش نظر آئیں۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم کی بیٹنگ بہت مضبوط ہے، انگلینڈ میں بٹلر پاکستان میں رضوان اور بابر پسندیدہ کھلاڑی ہیں، بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی سے ڈر لگتا ہے۔
ڈپٹی ہائی کمشنر کا مزید کہنا ہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کے لوگ کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں، ورلڈ کپ فائنل میں جیت کرکٹ کی ہوگی، انگلینڈ کو میچ جیتنے کیلئے شاہین اور شاداب سے بچنا ہوگا۔
دوسری طرف کون بنے گا مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا چیمپئن؟ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان آٹھویں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا فائنل 13 نومبر اتوار کو ایم سی جی ،میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہوگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیراہتمام آسٹریلیا میں جاری آٹھواں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مراحلے میں داخل ہے ، میگا ایونٹ میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ میگا ایونٹ کے چیمپئن کا فیصلہ 13 نومبر کو میلبورن میں ہوگا۔ میلبورن میں اس روز بارش کا بھی امکان ہے۔b