دبئی :ایشیا کپ کے بڑے مقابلے سے قبل پاکستان اور بھارت کپتانوں کی خوشگوار موڈ میں گپ شپ ہوئی۔پاکستان کرکٹ کے ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بھارتی کپتان روہت شرما کے درمیان تبادلہ خیال گزشتہ شب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اکیڈمی گراؤنڈ میں ہوا تھا۔
ملاقات اس وقت ہوئی جب بھارتی ٹیم ٹریننگ سیشن ختم کر کے واپس جا رہی تھی اور پاکستان کا ٹریننگ سیشن شروع ہونے والا تھا۔
پاکستان اور بھارت کے دیگر کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف کے ارکان کی بھی ملاقات ہوئی تھی۔اس سے قبل ویرات کوہلی اور بابر اعظم بھی ایک دوسرے سے ملے تھے، ویرات کوہلی اور دیگر کھلاڑیوں نے شاہین شاہ آفریدی سے بھی خیریت دریافت کی تھی۔
کپتان بابر اعظم نے روہت شرما سے ان کی فیملی کے حوالے سے پوچھا، جس پر روہت شرما نے بتایا کہ وہ چار پانچ روز تک آئیں گے۔روہت شرما نے بابر اعظم سے ان کی فیملی کا پوچھا، بابر اعظم ابھی نہیں ہے کہہ کر مسکرا دیے۔
دوسری طرف کرکٹ شائقین پاک بھارت میچ کوبڑی اہمیت دے رہے ہیں، ساتھ ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اوربھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کی قیادت کے حوالے سے مختلف تجزیئے پیش کیے جارہے ہین ،
28 اگست کو پاکستان اور بھارت اے سی سی ٹی 20 ایشیا کپ میں آمنے سامنے آرہے ہیں، پاکستان کی قیادت بابر اعظم جب کہ بھارت کے کپتان روہت شرما ہیں۔بابر اعظم کی قیادت میں گزشتہ برس پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے دھول چٹوائی تھی لیکن اس بار بھارتی سورماؤں کی قیادت روہت شرما کے ہاتھ میں ہے۔
کرکٹ کے سب سے چھوٹے فارمیٹ میں روہت شرما نے 2017 سے اب تک 35 میچوں میں بھارتی ٹیم کی قیادت کی ہے۔بابر اعظم نے ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں 2019 سے اب تک 41 میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی ہے۔
کتنے جیتے کتنے ہارے
ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے لیکن اس سے ناصرف ٹیم بلکہ اس کے مداحوں کا بھی مورال منسلک ہوتا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق بھارت نے روہت شرما کی قیادت میں کھیلے گئے 35 ٹی 20 میچز میں سے 29 جیتے اور صرف 6 ہارے ہیں۔اس طرح روہت شرما بھارتی ٹیم کو ایم ایس دھونی (41) اور وراٹ کوہلی (30) کے بعد ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ جیت دلانے والے کپتان ہیں۔
بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے 26 میچ جیتے جب کہ 10 ہارے اور پانچ میچ بے نتیجہ رہے۔اس وقت سرفراز احمد (29) کے بعد اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ میچوں میں شاہینوں کو جیت دلانے والے کپتان ہیں۔
بیٹنگ میں کون زیادہ دم دار
بحیثیت کپتان دونوں کھلاڑیوں کی بیٹنگ کے اعداد و شمار پر نظر دوڑائی جائے تو بابر اعظم بھارتی مدمقابل سے کہیں آگے نظر آتے ہیں۔بابر اعظم نے 41 میچوں کی 36 اننگز میں 42.30 کی اوسط سے 1396 رنز بنائے ہیں۔بحیثیت کپتان روہت شرما نے 35 اننگز میں 36.28 کی اوسط سے 1161 رنز بنائے ہیں۔
سنچریاں اور ففٹیز
41 میچز میں بابر اعظم نے ایک سنچری اور 16 نصف سنچریاں بنائی ہیں ۔35 میچز میں روہت شرما نے 2 سنچریاں اور نصف سنچریاں بنائی ہیں۔
کتنے چھکے اور کتنے چوکے
اعداد و شمار کے مطابق بابر اعظم نے ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے 151 چوکے اور 24 چھکے لگائے ہیں۔بحیثیت کپتان روہت شرما ان کے بلے سے 100 چوکے اور 63 چھکے نکلے ہیں۔








