اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف شہر مکمل طور پر تجاوزات کی لپیٹ میں آ چکا ہے جبکہ میونسپل کمیٹی مبینہ طور پر مسلسل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ احمد پور شرقیہ روڈ، خیرپور ڈاہا روڈ سمیت مرکزی شاہراہیں سریا، بجری، تعمیراتی سامان اور غیر قانونی اسٹالز سے بھر گئی ہیں، جس کے باعث ٹریفک نظام شدید درہم برہم ہو چکا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور فیلڈ اسٹاف تجاوزات کے خلاف کارروائی کے بجائے بھتہ مافیا کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر ’’نذرانے‘‘ وصول کیے جاتے ہیں جبکہ صرف کاغذی کارروائی دکھا کر عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔
مین شاہراہوں پر قائم نجی اسپتالوں، کلینکس، اسکولز اور دکانداروں کی خودساختہ پارکنگز نے اندرونِ شہر ٹریفک کو مکمل جام کر رکھا ہے۔ ہاتھی گیٹ بازار، موبائل مارکیٹ، سبزی و فروٹ منڈی اور مرکزی چوک تجاوزات کے نرغے میں آ کر گزرگاہوں کو تنگ ترین بنا چکے ہیں، جبکہ غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز اور ریڑھی بانوں نے سڑکوں کو یرغمال بنا دیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر انتظامیہ نے مزید چشم پوشی کی تو شہر کی سڑکیں مکمل طور پر بند ہو جائیں گی اور کاروبار بری طرح متاثر ہوگا۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے ڈی سی بہاولپور سے فوری اور سخت آپریشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب بیانات نہیں، عملی اقدام ضروری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر صورتحال جوں کی توں رہی تو شہری وسیع پیمانے پر احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔








