جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو پاکستان کے خلاف جارحیت مہنگی پڑ گئی۔

معرکۂ’’ بنیان مرصوص‘‘ کو سفارتی محاذ پر پاکستان کو بھارت کے خلاف عالمی پذیرائی مل رہی ہے ۔بین الاقوامی جریدے "دی ڈپلومیٹ” نے بھی پاک ،بھارت جنگ میں پاکستان کی سفارتی کامیابی اور بھارت کی ناکامی کو تسلیم کیا،’’دی ڈپلومیٹ‘‘ کے مطابق بھارت کو پاکستان کے خلاف جنگ میں نہ صرف عسکری میدان میں ناکامی ہوئی بلکہ سفارتی محاذ پر بھی سخت خفت کا سامناکرنا پڑا ۔پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائی نے ثابت کر دیا کہ ہر وہ سطح پر اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے تیار ہے۔’’دی ڈپلومیٹ‘‘ نے یہ بھی لکھا کہ پاک، بھارت جنگ میں پاکستان نے سیاسی بصیرت اور دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی ساکھ کو مزید مضبوط کیا۔بین الاقوامی برادری، بالخصوص امریکہ بھی پاکستانی مؤقف کا معترف ہے۔

’’دی ڈپلومیٹ‘‘ کے مطابق پاک ،چین کے دفاعی اشتراک سے بھارتی ایئرفورس کو شدید نقصان پہنچا، عالمی سطح پر رافیل طیاروں کی تباہی بھارت کے لیے باعث شرمندگی بنی ۔بھارت پہلگام حملے میں پاکستان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہ کر سکا۔پاک فوج کی حکمتِ عملی اور عالمی سفارتی حمایت نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا۔

اس معرکے نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ بھارت کی خطے پر بالادستی کی خواہشات اور جنگی جنون کے خلاف پاکستان نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی میدان میں بھی کامیابی سے کھڑا رہا۔ بھارت کی طرف سے کی جانے والی سیاسی و عسکری چالاکیوں کو عالمی برادری نے بے نقاب کر دیا، اور پاکستان کا مؤقف حقیقت پر مبنی ہونے کے سبب عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔بھارت کی یہ شکست صرف میدانِ جنگ کی نہیں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی ایک بڑی ناکامی ہے، جو اس کے تاثر اور طاقت کے دعوے کو بری طرح متاثر کرتی ہے۔ پاکستان نے جس بردباری اور دور اندیشی سے صورت حال کو سنبھالا، وہ خطے میں امن کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے۔

پاکستان کو چاہیے کہ وہ اپنی اس کامیابی کو وقتی نہ سمجھے بلکہ سفارتی اور عسکری محاذ پر اپنی تیاری اور اشتراکِ عمل کو مزید مستحکم کرے تاکہ مستقبل میں بھی کسی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جا سکے۔ اس کامیابی کو ایک مستقل خارجہ پالیسی کے طور پر تشکیل دینا ہوگا تاکہ خطے میں توازنِ طاقت پاکستان کے حق میں قائم رہے۔

Shares: