ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) وفاقی محتسب پاکستان اعجاز احمد قریشی نے خیابان سرور، ڈیرہ غازی خان میں ادارے کے نئے علاقائی دفتر کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں بسنے والے عوام کو فوری اور مفت انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس دفتر کے قیام سے وفاقی محتسب کے دفاتر کی مجموعی تعداد 26 ہو گئی ہے جن میں حالیہ مہینوں کے دوران قائم ہونے والے مظفرآباد، گلگت بلتستان، میرپور خاص اور ساہیوال کے دفاتر بھی شامل ہیں۔

وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ ہمارا ادارہ "غریبوں کی عدالت” ہے، جہاں نہ وکیل درکار ہوتا ہے، نہ سفارش بلکہ فیصلے صرف سچائی اور انصاف کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق ادارے کی بڑھتی ہوئی رسائی، کھلی کچہریوں اور انسپکشن ٹیموں کی فعالیت کے سبب عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ سال 2024 کے دوران عوامی شکایات کی تعداد 2,26,372 رہی، جن میں سے 2,23,198 پر فیصلے دیے گئے اور ان میں سے 93.21 فیصد فیصلوں پر عملدرآمد بھی ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں 126 کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں، جہاں انویسٹی گیشن افسران خود عوام کے درمیان جا کر شکایات سن کر موقع پر انصاف فراہم کرتے ہیں۔ او سی آر (OCR) پروگرام کے تحت 171 دورے کیے گئے جبکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے 79 اداروں کا معائنہ بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ وفاقی محتسب کو ازخود نوٹس کا اختیار بھی حاصل ہے، جس کے تحت اب تک 60 اہم معاملات کو پالیسی ساز اداروں کے ساتھ شیئر کیا جا چکا ہے، جن میں سے 15 پر سپریم کورٹ نے رپورٹ طلب کی ہے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور بچوں کے لیے علیحدہ شکایات کمشنرز مقرر کیے گئے ہیں تاکہ ان طبقات کے مسائل بھی موثر انداز میں حل کیے جا سکیں۔ عوامی سہولت کے لیے آن لائن شکایات کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کا آغاز کرونا وبا کے دوران ہوا اور اب اسے مستقل طور پر نافذ کر دیا گیا ہے تاکہ لوگ گھر بیٹھے اپنی شکایات درج کرا سکیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی درخواست دہندہ دی گئی تاریخ پر نہیں آسکتا تو اسے وٹس ایپ کال کے ذریعے آن لائن لیکر کیس کی سماعت کیلئے اس کامؤقف یا کیس کی پیروی کیلئے شامل کیا جاتاہے.

اس موقع پر کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب ڈاکٹر محمد زاہد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمود خان مہے، اور کنسلٹنٹ ملک ارباب بھی موجود تھے۔ تقریب میں وفاقی و صوبائی اداروں کے سربراہان، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

افتتاح کے بعد اعجاز احمد قریشی نے ای خدمت مرکز ڈیرہ غازی خان کا بھی دورہ کیا، جہاں منیجر مدثر سہرانی نے انہیں ون ونڈو آپریشن کے تحت مختلف محکموں کی سروسز سے متعلق بریفنگ دی۔ بعدازاں وفاقی محتسب کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں ریجنل محتسب سیکریٹریٹ کے افسران اور مختلف وفاقی محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں عوامی خدمات کو مزید بہتر بنانے اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعجاز قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ادارہ 212 وفاقی ایجنسیوں سے متعلق عوامی شکایات سنتا ہے اور ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہر کیس کا فیصلہ دو ماہ میں اور اس پر عملدرآمد تین ماہ کے اندر مکمل کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ "وفاقی محتسب کا ادارہ ان غریب اور نادار لوگوں کی امید ہے جنہیں کہیں اور سے انصاف نہیں ملتا۔ ہم ان کے لیے موجود ہیں اور ان کی خدمت ہمارا مشن ہے۔

Shares: