اوچ شریف :مہنگائی کی آڑ میں بھٹہ خشت مالکان نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے اینٹوں کے مرضی کے نرخ

اوچ شریف باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان) مہنگائی کی آڑ میں بھٹہ خشت مالکان کی بھی چاندی، بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے اینٹوں کے مرضی کے نرخ وصول کرنا شروع کر دیئے، مقررکردہ نرخوں کی بجائے اضافی نرخوں کی وصولی جاری ، متعلقہ محکمہ نے چپ سادھ لی، انتظامیہ گھی ،کھاد کے چکر سے نکل کر اینٹوں کی زائد نرخوں پر فروخت روک کر کنٹرول نرخ پرفروخت کو یقینی بنائے، شہری سراپا احتجاج ۔
تفصیلات کے مطابق جہاں پر مہنگائی کے عفریت نے غریب سفید پوش طبقہ کا کچومر نکال کر رکھ دیا ہے وہیں شہر بھرمیں بھٹہ خشت مالکان بھی پیچھے نہیں رہے ، بعض بھٹہ خشت مالکان نے مہنگائی کی آڑ میں حالیہ جاری مصنوعی منافع خوری کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے خود ساختہ اینٹوں کے نرخوں میں غیر معمولی اضافہ کرکے تعمیراتی شعبے کو تباہ کرنے کی ٹھان لی ہے جبکہ محکمہ انڈسٹری کے ضلعی افسران نے اس حوالے سے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بھٹہ خشت مالکان نے مہنگائی کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے اینٹوں کے نرخوں میں بھی من مانا اضافہ کرکے تعمیراتی شعبے کو تباہ و برباد کرنے کی حکمت عملی مرتب کر لی ہے جس کی وجہ سے دیہاڑی دار مزدور طبقہ فاقہ کشی پر مجبور ہے ، محنت کشوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑرہے ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ کھاد اور گھی کے بعد اینٹوں کے نرخوں پر بھی توجہ دی جائے اور سرکار ی محکموں کے ذمہ داران کو اشیاء ضروریہ کی کڑی نگرانی کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ خود ساختہ مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے

Leave a reply