ابتدائی تعلیم مادری زبان میں دینے کی اہمیت اور پاکستان کا تعلیمی نظام–از–فاطمہ قمر

0
32

معزز وزیراعظم!
آپ کی تعلیمی پالیسی وہی ہے جو سابق حکومت کی تھی. سابق حکومت نے سرکاری تعلیمی اداروں میں پرائمری کی سطح پر اردو ذریعہ تعلیم رکھ کر انگریزی کو لازمی حیثیت دی. پرائمری سطح پر انگریزی کو لازمی مضمون کی حیثیت دینا سابق حکومت کا وہ تعلیمی جرم ہے جسے تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی. انگریزی کے لازمی جبر کی وجہ سے لاکھوں نو نہال ابتدائی سطح پر ہی تعلیم کو خیرباد کہہ گئے. اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بارہ سال سے پہلے بچے کوغیر ملکی زبان میں تعلیم دینا بچے کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ افسوس پاکستان میں بنیادی حقوق کی یہ توہین سرکاری سرپرستی میں وقوع پذیر ہوئی/ہو رہی ہے.

آپ نے بھی اپنی نئی تعلیمی پالیسی میں اسی اصول کو قائم رکھا پھر اپ نے نئی پالیسی میں کیا تبدیلی دی؟ اپ نے تو یکساں نصاب تعلیم اور قومی زبان میں تعلیم کا نعرہ لگایا. آپ کے حزب اختلاف کے دن اپ کے اس موقف کے گواہ ہیں.آپ کو چاہئے کہ آپ فوری طور پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق تعلیم کے ہر شعبے میں ہر سطح پر اردو ذریعہ تعلیم میں دینے کا اعلان کریں. مقابلے کے امتحانات ائین پاکستان کی روشنی میں اردو میں لینے کا حکم صادر فرمائیں. تعلیم کی جو بھی پالیسی قومی زبان کو ذریعہ تعلیم میں دینے کی اپنائی جائے اس کا اطلاق فی الفور اور بعینہ نجی تعلیمی اداروں پر بھی کیا جائے. تاکہ پوری قوم یکساں نصاب ‘ یکساں زریعہ تعلیم قومی زبان کی وجہ سے قومی دھارے میں آ سکے.

انگریزی میڈیم نجی تعلیمی اداروں نے جس طرح اساس پاکستان پر حملہ کیا ہے
پاکستان کی تہذیبی ثقافت کو ملیامیٹ کیا ہے
اس کے جو ہولناک نتائج سامنے آ رہے ہیں اس کے لئے اب ضروری ہوبگیا ہے کہ نئے اور تبدیل شدہ پاکستان میں ان کو ایک اعلی تعلیمی ضابطہ اخلاق کا پابند کیا جائے
جس کی اساس قران اور نظریہ پاکستان پر استوار ہو.

معزز وزیراعظم!
یاد رہے آپ کو لوگوں نے ووٹ تبدیلی کے نام پر دئیے ہیں یہاں تبدیلی اس وقت ہی آئے گی جب دنیا کی دیگر ترقی یافتہ اقوام کی طرح پاکستانیوں کو ہر طرح کی تعلیم ان کی قومی زبان میں دی جائے آپ بحیثیت ایک عام پاکستانی کے انگریزی غلامی سے بیزاری کا اظہار اپنی خود نوشت میں کر چکے ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ پاکستان میں انگریزی ترقی یا تعلیم کے لئے نہیں بلکہ ایک خاص طبقے کی ایک عام طبقے کو غلام بنانے کے لئے مسلط کی گئی ہے. اب اللہ نے اپ کو اختیار دیا ہے کہ اپ اپنے خیالات کو عملی جامہ پہنا دیجئے.

آپ اور آپ کی کابینہ کے اراکین کی اکثریت بیرون ملک تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہے۔ ذرا دنیا بھر کے نظام ہائے تعلیم کا جائزہ لے کر بتائیے کہ کتنے ممالک کا کاروبار مملکت اور نظام تعلیم غلامی کی زبان میں چل رہا ھے؟ تخلیق پاکستان کی بہت سی وجوہات میں سے سب سے بنیادی وجہ اردو کا بحثیت قومی زبان نفاذ تھا. قومی زبان کے نفاذ کےبغیر تحریک پاکستان نامکمل ھے.آپ نئے پاکستان کی تعمیر میں تحریک پاکستان کے اس بنیادی لازمی عنصر کی تکمیل کردیجئے..یہ بانئ پاکستان کا فرمان بھی ھے:
” اردو کا دشمن پاکستان کا دشمن ھے”

سب سے بڑی بات جس کا آپ کی جماعت نعرہ لگا کر برسراقتدار آٰئی ہے کہ تعلیم سب کے لئے یکساں۔ نفاذ قومی زبان کے لئے جو جو بھی آپ حکمت عملی اپنائیں اس کا اظلاق نجی تعلیمی اداروں پر بھی کریں تو تبھی اپ کی تعلیمی حکمت عملی کامیاب ھوگی اور ملک سے تعلیمی نظام میں یہ رنگا رنگی ختم ھو کر ہم آہنگی آئے گی.

سب سے بڑی بات یہ ہے کہ 2019 سے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق مقابلے کے امتحانات اردو میں لینے کے احکمات صادر فرمائیں..یہ آپ کا وہ تاریخی کارنامہ ہوگا جو آپ کو محسن پاکستان چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی طرح تاریخ میں دوام بخشے گا.
کرسی رہے نا رہے مگر آپ عوام کے دلوں میں زندہ رہیں گے!

آپ کی یاد دہانی کے لئے کہ دوسری عالمی جنگ سے تباہ اور خستہ حال جاپان کے بادشاہ نے جب کہ اس کے دوشہر ایٹمی حملے میں جل کر خاکستر ہو چکے تھے اس بے بسی اور بے چارگی کے عالم میں بھی امریکہ سے دست بستہ عرض کی کہ ” آپ ہم پر جتنی چاہے پابندیاں لگا دیں مگر ہماری زبان اور تعلیمی نظام کونہ چھیڑنا”

یہی وجہ ھے کہ وہ بم زدہ قوم اپنی قومی زبان کے ذریعہ تعلیم ہونے کی وجہ سے چندسالوں میں ہی دنیا کی مضبوط معاشی طاقت بن گئی. ہم اپنی قومی زبان میں تعلیم سے دوری کے باعث ایک جوہری قوت ہونے کےباوجود ایک ہجوم زدہ گونگی’ بہری رٹےباز’ بدعنوان’ بوٹی مافیا’ تخلیقیت سے عاری’ نقال ‘ جعلساز دھوکے باز قوم کے طور پر اقوام عالم میں شہرت پا چکے ہیں. ہماری آپ سے وہی توقعات ہیں جو برصغیر میں انگریز کا راج ختم کرنے والے سے اس اس کی قوم نے وابستہ کی تھیں.

انگریزی کے تسلط کی وجہ سے اس ملک و قوم پر چھائی جہالت، بد عنوانی اور ذلت کی تاریکی کو دور کرنے کاواحد ذریعہ صرف اور صرف قومی زبان کے احیاء اور اس کے اس ملک پر نفاذ سے وابستہ ھے. ہم اس بارے میں آپ سے بہت زیادہ توقعات ہیں

ابتدائی تعلیم مادری زبان میں دینے کی اہمیت اور پاکستان کا تعلیمی نظام

فاطمہ قمر
پاکستان قومی زبان تحریک

Leave a reply