کویتی ولی عہد نےحکومت کا استعفیٰ منظور کرلیا
کویت: اہم خلیجی ریاست کویت کی کابینہ نے استعفی دے دیا ہے۔اس حوالے سے غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویتی حکومت کے تمام وزرا نے اپنا استعفی امیر کویت شیخ نواف الاحمد الصباح کو پیش کردیا ہے، امیر کویت مملکت کے وزیراعظم بھی ہیں۔
یہ اعلان نائب وزیر اعظم، وزیر تیل، وزیر مملکت برائے کابینہ امور اور قائم مقام وزیر مملکت برائے قومی اسمبلی امور ڈاکٹر محمد الفریس نے سیف پیلس میں منعقدہ کابینہ کے ایک غیر معمولی اجلاس کے بعد کیا۔
ڈاکٹر محمد الفریس نے وزیر اعظم شیخ احمد نواف الاحمد الصباح کی زیر صدارت خصوصی اجلاس کے بعد جاری کئے گئے بیان میں کہا کہ کویت کے آئین کے مطابق پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد کابینہ نے اپنا استعفیٰ امیر کو بھجوا دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزراء نے ایک مسودہ تیار کیا ہے جس میں قومی اسمبلی سے 17ویں قانون سازی کی مدت کا پہلا باقاعدہ اجلاس 11 اکتوبر کو بلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ہونے والے اسمبلی انتخابات میں دو خواتین کے منتخب ہونے کے بعد اپوزیشن نے اسمبلی میں اکثریت حاصل کر لی تھی۔
گزشتہ دس سالوں کے دوران کویت میں ہونے والا یہ چھٹا انتخاب ہے، کویت واحد خلیجی ریاست ہے جہاں ممکمل طور پر منتخب پارلیمان موجود ہے، اس سے قبل ارکان پارلیمان اور حکومت کے درمیان تنازعات کے بعد جون میں کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الصباح نے پارلیمان تحلیل کر دی تھی۔