کوئٹہ: بلوچستان میں سیلاب سے مزید تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی طور پر بلوچستان میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 270 تک پہنچ گئی ہے۔
پراونشل ڈایزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بلوچستان میں سیلاب سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد بلوچستان میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 270 ہوگئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب سے ہلاک ہونے والے مال مویشی کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 149 ہوگئی ہے جب کہ سیلاب سے متاثرہ گھروں کی تعداد 64 ہزار 385 ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب سے 2 لاکھ 936 ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جب کہ بارشوں میں سیلاب سے 1500 کلو میٹر پر مشتمل سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ بارش اور سیلابی ریلوں سے 22 رابطہ پل ٹوٹ چکے ہیں، نصیرآباد ڈویژن اور کچھی کے بعض علاقوں میں سیلابی پانی اور گرمی کی شدت سے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔رضا کار تنظیموں کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کو خیموں اور خوراک کی اشیاء کی اشد ضرورت ہے جب کہ سیلاب زدگان بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔
دوسری طرف وزیر اعظم شہباز شریف نے گللگت بلتستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا سروے کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان حکومت کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے مشترکہ سروے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔صوبائی حکومت نے متاثرہ علاقوں کے لیے سروے ٹیمز تشکیل دے دی ہیں، این ڈی ایم اے کی مشاورت سے سروے ٹیموں کو متعلقہ اضلاع میں بھجوا دیا گیا ہے۔
تمام ڈپٹی کمشنرز کو 15 ستمبر تک سروے اور تخمینہ لگانے کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔چیف سیکرٹری محی الدین وانی رپورٹ وزیراعظم اور این ڈی ایم اے کو بھجوائیں گے۔