اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) محرم الحرام کے مقدس ایام کی آمد سے قبل اوچ شریف کے مختلف علاقوں خصوصاً بستی سادات میں صفائی کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔ گلی کوچے، امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے روٹس گندگی، کیچڑ اور بدبودار پانی سے بھرے پڑے ہیں، جس سے نہ صرف شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے بلکہ وبائی امراض کے پھیلنے کا بھی خطرہ بڑھ گیا ہے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں اور صفائی کے متعلقہ محکموں کی مجرمانہ غفلت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال محرم سے قبل نالوں کی صفائی اور جلوس کے روٹس کی تیاری کی جاتی تھی، لیکن اس بار مکمل خاموشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے متعلقہ افسران خوابِ غفلت میں ہیں اور شہریوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

عزاداروں کے لیے جلوسوں کے راستوں پر گندگی کے ڈھیر، بند نالے اور بدبو دار پانی کی موجودگی کسی بڑے سانحے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر صفائی کے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو وہ شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ محرم سے قبل یہ صورتحال انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے اور اگر بروقت ایکشن نہ لیا گیا تو نہ صرف عزاداری متاثر ہوگی بلکہ امن و امان کی صورتحال بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

Shares: