ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹرجواد اکبر): ڈیرہ غازی خان کے علاقے بلاک 53 عباسیہ مسجد نظام آباد میں ناقص سیوریج سسٹم نے شہریوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جب سے علاقے میں ٹف ٹائلز بچھائی گئی ہیں، سیوریج کا گندا پانی مسلسل جمع ہو رہا ہے، جس سے گلیاں جوہڑ کا منظر پیش کر رہی ہیں اور پانی گھروں میں بھی داخل ہو رہا ہے۔
مکینوں کو روزانہ کی بنیاد پر شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خاص طور پر بزرگ، بچے اور خواتین اس صورتحال سے متاثر ہیں۔ نمازیوں کو بھی شدید اذیت سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے کیونکہ مسجد جانے کے لیے انہیں اسی آلودہ اور ناپاک پانی سے گزرنا پڑتا ہے۔
شہریوں نے بتایا کہ کئی مرتبہ شکایت کرنے کے باوجود ابھی تک کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان سے فوری نوٹس لینے اور اس سنگین مسئلے کا مستقل حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔