اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف اور گردونواح میں لاوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی شہریوں کے لیے شدید اذیت کا سبب بن گئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے قوانین صرف مساجد تک محدود ہیں، جہاں اذان کے علاوہ مختصر استعمال پر علما کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کر دی جاتی ہے، لیکن شہر بھر میں سبزی فروش، فروٹ فروش، رکشہ ڈرائیور، کباڑیے اور ریڑھی بان اپنی مرضی سے بلند آواز میں اسپیکر استعمال کرتے نظر آتے ہیں۔

شہریوں نے بتایا کہ گلیوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں مسلسل شور کے باعث نہ تو اذان کا احترام ہوتا ہے اور نہ ہی بزرگ، مریض اور طلبہ سکون سے رہ سکتے ہیں۔ متعلقہ محکمے بھی اس صورتحال پر مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، گویا یہ ان کی ذمہ داری نہیں۔

اہلیانِ علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی لاوڈ اسپیکر استعمال کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے تاکہ شہر میں شور اور بے ہنگم صورتحال ختم کی جا سکے اور شہری سکون حاصل کر سکیں۔

Shares: